پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری بیان میں بتایا کہ حکومت کی جانب سے گزشتہ روز ملاقات کا پیغام دیا گیا تھا، جس کے بعد اپوزیشن اجلاس میں ہونے والے فیصلے کی روشنی میں حکومتی ٹیم سے ملاقات کی دعوت قبول کرلی گئی ہے۔

بیرسٹر گوہر کے مطابق اپوزیشن اور حکومتی وفود کے درمیان ملاقات کل دوپہر 12 بجے ہوگی، جس میں دونوں جانب کے وفود اہم سیاسی امور پر بات چیت کریں گے۔

واضح رہے کہ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سیاسی رابطوں کی بحالی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ بیرسٹر گوہر اس سے قبل بھی حکومت سے سیاسی معاملات پر بات چیت اور مذاکرات کی ضرورت پر زور دے چکے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل خبر سامنے آئی تھی کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ملاقات کے معاملے پر ڈیڈلاک برقرار ہے۔

محمود خان اچکزئی نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ شہباز شریف غیر قانونی وزیراعظم ہیں اور انہوں نے عوام کا مینڈیٹ حاصل نہیں کیا۔

محمود اچکزئی کا کہنا تھا کہ وہ شہباز شریف سے کسی بھی درخت کے نیچے ملاقات کرسکتے ہیں، تاہم ملاقات کے لیے وزیراعظم ہاؤس، اسپیکر کے گھر یا وزیراعظم چیمبر نہیں آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی جماعت کے کسی بھی رکن کے گھر ملاقات کی جاسکتی ہے، تاہم مخصوص سرکاری مقامات پر ملاقات کے لیے وہ تیار نہیں ہیں۔

دوسری جانب حالیہ رابطوں میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سیاسی امور پر بات چیت کے امکانات برقرار ہیں، جب کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق بھی سیاسی رابطوں میں کردار ادا کر رہے ہیں۔