اوکازاکی چُوؤ سوگو پارک جمنازیم میں جمعرات کو کھیلے گئے میچ میں گرین شرٹس نے تینوں سیٹس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور انڈیا کو کسی بھی سیٹ میں واپسی کا موقع نہیں دیا۔
پاکستان نے پہلے سیٹ میں 25-19 سے کامیابی حاصل کرکے برتری قائم کی۔ 23 منٹ جاری رہنے والے اس سیٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے ابتدا ہی سے میچ پر گرفت مضبوط رکھی۔
انڈیا نے دوسرے سیٹ میں سخت مقابلہ کیا، جو 34 منٹ تک جاری رہا، تاہم پاکستان نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے 25-23 سے سیٹ جیت لیا اور میچ میں 2-0 کی برتری حاصل کرلی۔
تیسرے سیٹ میں پاکستان نے ایک بار پھر مکمل برتری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 25-18 سے کامیابی حاصل کی اور میچ 3-0 سے اپنے نام کرلیا۔
مراد خان پاکستان کی جانب سے سب سے نمایاں رہے اور 19 پوائنٹس حاصل کیے، جن میں 18 کامیاب اسپائکس شامل تھیں۔ علی عثمان فریاد نے 13 جبکہ محمد حماد نے 9 پوائنٹس بنائے۔
پاکستان نے اٹیک میں بھی انڈیا پر برتری حاصل کی۔ پاکستان نے 75 اٹیک پوائنٹس حاصل کیے جبکہ انڈیا کے اٹیک پوائنٹس کی تعداد 60 رہی۔ بلاکس میں بھی پاکستان کو 5-4 کی برتری حاصل رہی۔
پاکستان نے ایشین گیمز میں اپنی مہم کا آغاز قازقستان کے خلاف 3-1 کی کامیابی سے کیا تھا۔ اس کے بعد ازبکستان کو 3-0 سے شکست دے کر ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنائی۔
آخری گروپ میچ میں پاکستان کو میزبان جاپان کے ہاتھوں 3-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم کوارٹر فائنل میں گرین شرٹس نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے انڈیا کو 3-0 سے شکست دی اور سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔







