کاواساکی جوکو اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں انڈیا نے جارحانہ آغاز کیا اور پہلے کوارٹر میں ہرمن پریت سنگھ کے دو گولز کی بدولت 2-0 کی برتری حاصل کرلی۔

ابتدائی گولز کے بعد پاکستان کو چار پنالٹی کارنرز ملے، جن میں سے تین پہلے کوارٹر جبکہ ایک دوسرے کوارٹر کے ابتدائی پانچ منٹ میں ملا، تاہم گرین شرٹس کسی بھی موقع کو گول میں تبدیل نہ کرسکے۔ انڈیا نے 23ویں منٹ میں سکھجیت سنگھ کے فیلڈ گول کی بدولت برتری 3-0 کردی۔

پاکستان نے دوسرے کوارٹر کے آخری منٹ میں اپنا اکاؤنٹ کھولا۔ ابو بکر محمود نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے خسارہ 3-1 کردیا۔

گرین شرٹس نے تیسرے کوارٹر میں بھی شاندار کم بیک جاری رکھا اور 45ویں منٹ میں حنان شاہد نے فیلڈ گول کرکے پاکستان کو حریف کے ایک گول کے فاصلے پر پہنچا دیا۔

پاکستان نے آخری کوارٹر کے آغاز میں ہی واپسی مکمل کرلی، جب رانا وحید اشرف نے 49ویں منٹ میں گول کرکے مقابلہ 3-3 سے برابر کردیا۔

میچ بظاہر پنالٹی شوٹ آؤٹ کی جانب بڑھ رہا تھا، تاہم آخری منٹ میں ابھشیک نے فیصلہ کن گول کرکے انڈیا کو 4-3 سے فتح دلادی اور فائنل میں جگہ پکی کرلی۔ پاکستان اب کانسی کے تمغے کے میچ میں ملائیشیا یا جنوبی کوریا کا سامنا کرے گا۔