تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے صومالیہ میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی شہری سید کاشف عمر کے بیٹے اذہان کاشف سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور ان کے والد کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اور پوری قوم سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے مرحومین کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ انہیں جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔
وزیراعظم نے صومالیہ میں جاں بحق ہونے والے تینوں پاکستانیوں کی میتیں جلد از جلد پاکستان منتقل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی اور وزارت خارجہ سمیت تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ متاثرہ خاندانوں سے ہر مرحلے پر براہ راست رابطے میں رہیں اور میتوں کی وطن واپسی کے عمل کو تیز کیا جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بازیابی کے دوران جاں بحق ہونے والے تین پاکستانی شہریوں، سید کاشف عمر، محمود احمد انصاری اور رفیع اللہ خان، کے اہل خانہ کے لیے فی خاندان ایک کروڑ 25 لاکھ روپے مالی معاونت کا اعلان کیا۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے بچوں کے لیے مفت تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ہر خاندان کو گھر دینے کا بھی اعلان کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ سوگوار خاندانوں کو اس مشکل گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور حکومت ہر ممکن تعاون اور معاونت فراہم کرے گی۔
واضح رہے کہ صومالیہ کے ساحل پر بحری قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے آئل ٹینکر ایم وی آنر 25 کی بازیابی کے لیے صومالی فورسز نے کارروائی کی تھی۔ وزارت خارجہ کے مطابق کارروائی کے دوران پانچ افراد جاں بحق ہوئے، جن میں تین پاکستانی شہری شامل تھے۔ جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کی شناخت رفیع اللہ خان، سید کاشف عمر اور محمود احمد انصاری کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ تین دیگر پاکستانی زخمی بھی ہوئے۔
وزارت خارجہ کے مطابق پاکستانی شہریوں کو تقریباً پانچ ماہ تک یرغمال رکھا گیا تھا۔ کارروائی کے بعد زخمی پاکستانیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ جاں بحق افراد کی میتیں بھی حکام کی تحویل میں ہیں۔
دوسری جانب نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بتایا ہے کہ یرغمال بنائے گئے 10 پاکستانی عملے میں سے چار افراد کو بحفاظت بازیاب کرالیا گیا ہے اور انہیں 3 اکتوبر کو کراچی پہنچنے کی توقع ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے تین پاکستانیوں کی میتیں بھی پاکستان منتقل کی جا رہی ہیں، جب کہ باقی تین پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وزارت خارجہ اور پاکستان کے سفارتی حکام کو ہدایت کی ہے کہ صومالی حکام اور دیگر متعلقہ فریقین کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے پاکستانی شہریوں کی بحفاظت واپسی اور جاں بحق افراد کی میتوں کی پاکستان منتقلی کے عمل کو جلد مکمل کیا جائے۔
وزیراعظم نے زخمی پاکستانیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی اور دیگر پاکستانی عملے کی بحفاظت وطن واپسی کے لیے بھی تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔







