سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک انڈیا بین الاقوامی سرحد کے قریب بی ایس ایف نے تین پاکستانی شہریوں پر مبینہ طور پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں دو نہتے پاکستانی شہری شہید ہوگئے جبکہ ایک زخمی ہوا۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ لدھڑ گاؤں سے تعلق رکھنے والے تین مقامی پاکستانی شہری بارڈر پلر سے چند قدم آگے بڑھے تو بی ایس ایف نے انہیں مبینہ طور پر بغیر کسی وارننگ کے نشانہ بنایا۔ بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں دو شہری جاں بحق اور تیسرا زخمی ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق تینوں شہری نہتے تھے۔
سیکیورٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے شہریوں میں عظمت رسول ولد عطااللہ اور محسن جٹ شامل ہیں، جن کا تعلق لدھڑ کے علاقے جٹاں والی حویلی سے ہے۔
دوسری جانب انڈین میڈیا نے واقعے کو مختلف انداز میں رپورٹ کرتے ہوئے تینوں پاکستانی شہریوں کو مبینہ درانداز قرار دیا۔ تاہم، سیکیورٹی ذرائع کے مطابق تینوں افراد میں سے کسی نے بھی بارڈر فینس عبور کرنے کی کوشش نہیں کی تھی۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی شہریوں پر انڈین فورسز کی فائرنگ بارڈر معاہدے اور طے شدہ ایس او پیز کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔







