پیرس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ ایران کو اپنے جوہری پروگرام کو آگے بڑھانے اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے لیے خطیر رقم درکار ہے، تاہم اگر تہران کے مالی وسائل محدود کردیے جائیں تو اس کی جانب سے ان سرگرمیوں پر خرچ کرنے کی صلاحیت بھی کم ہوجائے گی۔
امریکی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ واشنگٹن ایران کے ساتھ جاری تنازع کو ختم کرنے کے لیے سفارتی راستہ اختیار کرنے پر آمادہ ہے اور موجودہ حالات میں مزید بڑے فوجی آپریشنز کی ضرورت محسوس نہیں کرتا، اگر معاشی پابندیوں اور دیگر اقدامات کے ذریعے امریکا اپنے مطلوبہ مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب ہو رہا ہے تو پھر ایران کے خلاف مزید فوجی حملے کرنے کی ضرورت باقی نہیں رہتی۔
مارکو روبیو نے کہا کہ امریکا سفارتی کوششوں کے ذریعے تنازع کا حل نکالنے کا خواہاں ہے، تاہم ایران کی جانب سے پیش کیے گئے مطالبات فی الحال غیر حقیقت پسندانہ ہیں۔ واشنگٹن کو توقع ہے کہ تہران اپنے مؤقف اور مطالبات میں لچک پیدا کرے گا تاکہ مذاکرات کے لیے کوئی قابلِ عمل راستہ نکالا جاسکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر ایران اپنے مطالبات میں تبدیلی لاتا ہے تو امریکا سفارتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے تیار ہے۔ امریکی حکومت کی ترجیح یہ ہے کہ ایران کو مالی دباؤ کے ذریعے اپنے طرزِ عمل میں تبدیلی پر آمادہ کیا جائے اور خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکا جائے۔
امریکی وزیر خارجہ کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ واشنگٹن فی الحال ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں کے بجائے معاشی دباؤ اور سفارت کاری کو اہمیت دے رہا ہے، تاہم مذاکرات کی بحالی کے لیے ایران کے مطالبات میں تبدیلی کو ضروری قرار دیا جا رہا ہے۔







