نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کو رات گئے اڈیالہ جیل سے اسلام آباد کے پمز اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کا تفصیلی طبی معائنہ کیا گیا۔
جیل ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی آنکھوں اور بلڈ پریشر کا چیک اپ کی گیا جس کے بعد انہیں واپس اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا ہے۔
جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کو جیل سے اسپتال اور پھر واپس جیل سخت سکیورٹی میں لایا گیا۔
خیال رہے کہ منگل کے روزاسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت کی۔
عدالت نے کہا کہ آئندہ سماعت پر دلائل کے آغاز کی یقین دہانی کرائیں تو دونوں کی ملاقات کرادیتے ہیں، کل کا ٹائم بتادیں ایک گھنٹے کی ملاقات کرادی جائے گی۔
دوران سماعت وکیل سلمان صفدر کی بانی پی ٹی آئی سے دوبارہ ملاقات کی درخواست پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ قانون کے مطابق ملاقات کرا تو رہے ہیں ، کل آپ کہیں گے کہ 5 لوگوں کی ملاقات کرادیں۔
سلمان صفدر نے کہا کہ عدالت ویسے کہہ دے اپنا وکالت نامہ واپس لے لیتے ہیں ، انہیں اس طرح عدالتی کارروائی سے نکالا تو نہیں جاسکتا۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہےکہ عدالت کے حکم کے بعد ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نوید ملک اور وکلا نے بانی پی ٹی سے ملاقات کا وقت طے کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وکلا کی بانی پی ٹی آئی سے کل دن 3 بجے ملاقات ہوگی، بانی پی ٹی آئی سے لطیف کھوسہ اور سلمان صفدر ملاقات کریں گے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر ایڈووکیٹ جنرل نوید ملک ملاقات کروائیں گے۔







