لاہور میں منصورہ کے مقام پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت نے عوام پر ناجائز ٹیکسوں کا بوجھ ڈال رکھا ہے اور پیٹرولیم لیوی کی مد میں اربوں روپے وصول کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی کا اوگرا سے کیا تعلق ہے؟ طالب علم کی آمدنی پر تو ٹیکس لاگو نہیں ہوتا، لیکن وہ بھی پیٹرول خریدتے وقت پیٹرولیم لیوی ادا کرتا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے الزام عائد کیا کہ حکومت  بھتا لیوی  وصول کر رہی ہے، جسے انہوں نے  جگا ٹیکس  قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔ حکمران عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈال رہے ہیں اور عوام کو اس حقیقت سے آگاہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پیٹرولیم لیوی کے ذریعے تقریباً 1,800 ارب روپے جمع کر رہی ہے۔ اگر پیٹرولیم لیوی اور دیگر ناجائز ٹیکس ختم کر دیے جائیں تو پیٹرول کی قیمت تقریباً 200 روپے فی لیٹر تک کم ہو سکتی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے اعلان کیا کہ 7 اگست کو ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا اور تمام بڑی شاہراہیں بند کی جائیں گی، تاہم ایمبولینس اور ایمرجنسی سروسز کی گاڑیوں کو راستہ دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی اس تحریک کے لیے مختلف سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں سے رابطے کرے گی تاکہ مہنگائی اور حکومتی پالیسیوں کے خلاف مشترکہ عوامی مؤقف اختیار کیا جا سکے۔