شفیع جان کے مطابق پی ٹی آئی کا لانگ مارچ 4 اکتوبر کو گنڈی چوک، لکی مروت سے شروع ہوگا، جس کا پہلا پڑاؤ کرک میں ہوگا، جب کہ 5 اکتوبر کو دوسرا پڑاؤ کوہاٹ میں کیا جائے گا۔ اس کے بعد مارچ ضلع پشاور میں داخل ہوگا۔

وزیر اطلاعات نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ لانگ مارچ لکی مروت سے شروع ہو کر مختلف اضلاع سے ہوتا ہوا پشاور کی جانب بڑھے گا۔ تاہم ان کے بیان میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ مارچ پشاور سے اسلام آباد کے لیے کب روانہ ہوگا یا اسلام آباد کب پہنچے گا۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے لانگ مارچ کے لیے فنڈ ریزنگ مہم کا اعلان کرتے ہوئے کارکنوں اور حامیوں سے مالی تعاون کی اپیل کی ہے۔

شفیع جان نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی ایک ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں وزیراعلیٰ نے بتایا کہ وہ جمعہ 2 اکتوبر کو شام 4 بجے پی ٹی آئی کے صوبائی سیکرٹریٹ میں موجود ہوں گے۔

ویڈیو میں پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر بھی وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے ہمراہ موجود ہیں۔

سہیل آفریدی کے مطابق پی ٹی آئی کی صوبائی قیادت رات تک صوبائی سیکرٹریٹ میں موجود رہے گی اور لانگ مارچ کے لیے عطیہ دینے کے خواہش مند افراد اپنا چندہ براہِ راست جمع کرا سکیں گے۔ انہوں نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں سے بھی قانونی طریقے سے مالی تعاون کرنے کی اپیل کی۔

پی ٹی آئی نے اس سے قبل اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کے لیے 4 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی تھی۔ ابتدائی طور پر مارچ 27 ستمبر کو شروع ہونا تھا، تاہم پارٹی کی سیاسی کمیٹی کے فیصلے کے بعد تاریخ تبدیل کردی گئی تھی۔ اس وقت اعلان کیا گیا تھا کہ مارچ پشاور سے اسلام آباد کی جانب روانہ ہوگا۔

اب شفیع جان کی جانب سے لکی مروت سے آغاز، کرک اور کوہاٹ میں پڑاؤ اور اس کے بعد پشاور میں داخلے کا ابتدائی شیڈول سامنے آیا ہے۔ مارچ کے اسلام آباد پہنچنے کی حتمی تاریخ اور مزید روٹ کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں۔