آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق روایتی حریف پاکستان اور انڈیا کو ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے اور دونوں ٹیمیں 10 اکتوبر کو جوہانسبرگ میں مدمقابل ہوں گی۔

ورلڈ کپ 2027 میں مجموعی طور پر 14 ٹیمیں شرکت کریں گی اور ایونٹ 2 اکتوبر سے 21 نومبر تک جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا میں کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 57 میچز ہوں گے جو 12 مختلف وینیوز پر کھیلے جائیں گے۔

ورلڈ کپ کے مین گروپ مرحلے میں 12 ٹیموں کو 6، 6 کے دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔گروپ اے میں انڈیا، آسٹریلیا، پاکستان، افغانستان، زمبابوے اور کوالیفائر اے کو رکھا گیا ہے، جبکہ گروپ بی میں نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا، سری لنکا، انگلینڈ، بنگلادیش اور کوالیفائر بی شامل ہوں گے۔

گروپ مرحلے کا آغاز 7 اکتوبر کو کیپ ٹاؤن میں انڈیا اور دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کے میچ سے ہوگا، جب کہ پاکستان اپنا پہلا میچ 8 اکتوبر کو افغانستان کے خلاف کھیلے گا۔ اس کے بعد 10 اکتوبر کو کرکٹ شائقین کو پاکستان اور انڈیا کے درمیان بڑا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔

پاکستان اور انڈیا کے ایک ہی گروپ میں ہونے کے باعث دونوں ٹیموں کے درمیان ورلڈ کپ 2027 میں ایک سے زیادہ مرتبہ مقابلہ ہونے کا امکان موجود ہے۔

دونوں ٹیمیں پہلے گروپ مرحلے میں 10 اکتوبر کو مدمقابل ہوں گی۔ اگر دونوں ٹیمیں اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرتی ہیں تو وہ سپر 7 مرحلے میں بھی ایک دوسرے کے خلاف کھیلیں گی۔ آئی سی سی کے پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق سپر 7 مرحلے میں انڈیا اور پاکستان کا میچ 7 نومبر کو کیپ ٹاؤن میں ہوگا۔

اس کے علاوہ دونوں ٹیمیں سیمی فائنل یا فائنل میں بھی ایک دوسرے کے مدمقابل آسکتی ہیں، تاہم اس کے لیے دونوں کا متعلقہ مراحل میں کوالیفائی کرنا ضروری ہوگا۔

2027 ورلڈ کپ کا آغاز روایتی گروپ مرحلے سے پہلے نمیبیا کے شہر ونڈہوک میں تین ٹیموں پر مشتمل سپر سیریز سے ہوگا۔کوالیفائر ٹورنامنٹ میں دوسری، تیسری اور چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں 2، 4 اور 6 اکتوبر کو سپر سیریز کھیلیں گی، جس کی فاتح ٹیم مین گروپ مرحلے میں جگہ بنائے گی۔

اس کے بعد 12 ٹیموں پر مشتمل گروپ مرحلہ شروع ہوگا، جس میں دونوں گروپس کی ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف ایک، ایک میچ کھیلیں گی۔

گروپ مرحلے کے اختتام پر دونوں گروپس کی ٹاپ 3 ٹیمیں سپر 7 مرحلے میں پہنچیں گی، جبکہ دونوں گروپس میں چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں میں سے بہتر کارکردگی دکھانے والی ٹیم بھی سپر 7 میں جگہ بنائے گی۔

یوں سپر 7 مرحلے میں مجموعی طور پر 7 ٹیمیں شامل ہوں گی اور ہر ٹیم دیگر تمام ٹیموں کے خلاف ایک، ایک میچ کھیلے گی۔

سپر 7 مرحلے کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل کی ٹاپ 4 ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کا مقابلہ چوتھی پوزیشن والی ٹیم سے جبکہ دوسرے اور تیسرے نمبر کی ٹیمیں دوسرے سیمی فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔

ورلڈ کپ 2027 کے سیمی فائنلز 17 اور 18 نومبر کو بالترتیب کیپ ٹاؤن اور تشوانے میں کھیلے جائیں گے، جبکہ فائنل 21 نومبر کو جوہانسبرگ میں ہوگا۔ دونوں سیمی فائنلز کے لیے ریزرو ڈے بھی رکھا گیا ہے جبکہ فائنل کے لیے 22 نومبر ریزرو ڈے ہوگا۔

ورلڈ کپ 2027 میں 14 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ جنوبی افریقا اور زمبابوے میزبان کی حیثیت سے براہِ راست کوالیفائی کرچکے ہیں، جبکہ 30 ستمبر 2026 کی آئی سی سی ون ڈے رینکنگ کی بنیاد پر مزید 8 ٹیموں نے براہِ راست جگہ بنائی ہے۔

باقی چار ٹیموں کا فیصلہ آئی سی سی ورلڈ کپ کوالیفائر 2027 کے ذریعے ہوگا۔ کوالیفائر کی فاتح ٹیم براہِ راست مین گروپ مرحلے میں پہنچے گی، جب کہ دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر آنے والی ٹیمیں سپر سیریز کھیلیں گی۔

دو مرتبہ کی عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز بھی کوالیفائنگ مرحلے میں جگہ بنانے والی ٹیموں میں شامل ہے، جب کہ آئرلینڈ، نیدرلینڈز، اسکاٹ لینڈ اور امریکا بھی کوالیفائر میں شرکت کریں گے۔

انڈیا 2023 کے ورلڈ کپ میں اپنی تمام لیگ میچز جیت کر فائنل تک پہنچا تھا، تاہم فیصلہ کن مقابلے میں آسٹریلیا نے اسے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا تھا۔

اب 2027 کا ورلڈ کپ افریقا میں کھیلا جائے گا اور اس ایونٹ میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان 10 اکتوبر کو ہونے والا مقابلہ ٹورنامنٹ کے اہم میچز میں شامل ہوگا۔