ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں انڈیا نے سری لنکا کو 124 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، یوں ایشین گیمز کے گولڈ میڈل کے لیے پاکستان اور انڈیا کی ٹیمیں 3 اکتوبر کو مدمقابل ہوں گی۔
جاپان کے کوروگی اسپورٹس پارک، نشین میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں بنگلادیش نے ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 13 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 111 رنز بنائے۔
پاکستان نے 112 رنز کا ہدف 11.3 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے فائنل میں جگہ بنا لی۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ رہا اور کپتان صاحبزادہ فرحان صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد ٹی20 انٹرنیشنل ڈیبیو کرنے والے معاز صداقت نے 7 گیندوں پر 15 رنز بنائے، تاہم وہ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکے۔
صائم ایوب نے 12 گیندوں پر 21 رنز کی تیز اننگز کھیلی، جس میں 2 چھکے شامل تھے، لیکن ان کے آؤٹ ہونے کے بعد عثمان خان بھی پویلین واپس لوٹ گئے۔
پاکستان کی 4 وکٹیں صرف 53 رنز پر گر چکی تھیں اور اس مرحلے پر بنگلادیشی ٹیم میچ میں مضبوط پوزیشن میں دکھائی دے رہی تھی۔
تاہم عبدالصمد اور حسن نواز نے ذمہ داری سنبھالی اور پانچویں وکٹ کے لیے ناقابل شکست 59 رنز کی شراکت قائم کرکے میچ کا رخ پاکستان کے حق میں موڑ دیا۔
عبدالصمد نے صرف 15 گیندوں پر ناقابل شکست 30 رنز بنائے، جس میں 5 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ انہوں نے بنگلادیش کے تجربہ کار فاسٹ بولر مستفیض الرحمٰن کے دسویں اوور میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی جیت تقریباً یقینی بنا دی۔
اس اوور سے قبل پاکستان کو آخری 4 اوورز میں 36 رنز درکار تھے۔ حسن نواز نے پہلی گیند پر ایک رن لیا، جس کے بعد عبدالصمد نے مستفیض الرحمٰن کو لانگ آن کے اوپر سے چھکا لگایا اور پھر مسلسل 4 چوکے جڑ دیے۔
اس اوور میں مجموعی طور پر 23 رنز بنے اور پاکستان کو آخری 18 گیندوں پر صرف 13 رنز درکار رہ گئے۔ عبدالصمد نے اس اوور کی 5 گیندوں پر 22 رنز بنائے، جس کے نتیجے میں پاکستان کا اسکور 76 رنز 4 وکٹوں سے بڑھ کر 99 رنز 4 وکٹ ہوگیا۔
دوسری جانب حسن نواز نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا اور 22 گیندوں پر 27 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ ان کی اننگز میں 2 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔
اس سے قبل بنگلادیش نے مقررہ 13 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 111 رنز بنائے۔ توحید ہردوئے نے سب سے زیادہ 42 رنز اسکور کیے۔ انہوں نے 25 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 2 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے تیز اننگز کھیلی۔ سیف حسن نے 19 رنز بنائے۔
پاکستان کے اسپنرز نے بنگلادیشی بیٹرز کو مسلسل دباؤ میں رکھا۔ سفیان مقیم نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 26 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عرفات منہاس نے 23 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ صائم ایوب نے بھی اپنے 2 اوورز میں صرف 3 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔
بنگلادیش کے خلاف کامیابی کے ساتھ پاکستان ایشین گیمز مینز کرکٹ کے گولڈ میڈل میچ میں پہنچ گیا ہے۔ دوسرے سیمی فائنل میں انڈیا نے سری لنکا کو 124 رنز سے شکست دے کر فائنل میں پاکستان کے ساتھ جگہ بنالی ہے۔
پاکستان اور انڈیا کے درمیان گولڈ میڈل کے حصول کے لیے فائنل 3 اکتوبر کو کھیلا جائے گا، جب کہ برانز میڈل کے لیے بنگلادیش اور سری لنکا کی ٹیمیں بھی اسی روز مدمقابل ہوں گی۔







