نارووال میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بلاول صاحب، کشمیری آپ کی اور ہماری جماعت کی کارکردگی سے بخوبی واقف ہیں، لوگ جانتے ہیں کہ کس کے دورِ حکومت میں کرپشن کے بازار گرم ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 90 فیصد عوام لاہور طرز کی ترقی کو ووٹ دیں گے، کیونکہ مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی پورے ملک میں عوام کے سامنے ہے اور پارٹی پاکستان کی مضبوطی اور ترقی کی علامت بن چکی ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ترقیاتی منصوبوں اور عوامی خدمت کی سیاست کو فروغ دیا، جبکہ عوام ماضی کی حکومتوں کی کارکردگی کا بھی بخوبی جائزہ لے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کوٹلی میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں ن لیگ کو ایسی شکست ہوگی کہ تاریخ یاد رکھے گی، پیپلز پارٹی ہی حکومت بنائے گی اور اگر عوام نے موقع دیا تو وہ ہر فورم پر کشمیر کی آواز بنیں گے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ حکومت بنانے کے لیے وہ کوٹلی کی ہر نشست پر کامیابی چاہتے ہیں، جبکہ کشمیر کا مستقبل کسی کی جیب میں نہیں بلکہ کشمیری عوام کے ہاتھ میں ہے اور فیصلہ بھی وہی کریں گے۔