پی ڈی ایم اے کے مطابق متاثرہ اضلاع میں ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، بٹگرام، تورغر، کولائی پالس، اپر و لوئر کوہستان، سوات، شانگلہ، اپر و لوئر چترال، اپر و لوئر دیر، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ سمیت دیگر اضلاع شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور بعض شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ تیز ہوائیں اور آسمانی بجلی کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز، سولر پینلز اور فصلوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
ادارے نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ رکھا جائے، حساس مقامات کی مسلسل نگرانی کی جائے، نکاسیٔ آب کے انتظامات، سڑکوں کی بحالی اور ہنگامی سہولیات کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
پی ڈی ایم اے نے عوام اور سیاحوں کو بھی غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، ندی نالوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے والے علاقوں سے دور رہنے اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔





