نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان باصلاحیت اور باوقار ہیں، تاہم ان کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادے کے لیے انہیں مناسب مواقع اور وسائل فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی بہترین ذہنی، جسمانی، فکری اور علمی نشوونما کے لیے ضروری وسائل فراہم کیے جائیں۔ حکومت نوجوانوں کو جدید اور معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ فنی اور پیشہ ورانہ مہارتوں کے فروغ کے مواقع بھی فراہم کرے تاکہ وہ باعزت روزگار حاصل کر سکیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے زور دیا کہ نوجوانوں کو مفت آئی ٹی تعلیم سے روشناس کرانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کا بنو قابل پروگرام نوجوانوں کو آئی ٹی کی تعلیم اور باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں کارگر ثابت ہو رہا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت کو نوجوانوں کی تعلیم، روزگار اور ہنرمندی کے لیے جامع پالیسی تشکیل دینی چاہیے، کیونکہ ملک کی معاشی اور سماجی ترقی نوجوان نسل کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادے سے ہی ممکن ہے۔

مزید پڑھیں: مکہ معاہدہ صرف دفاع پر نہیں، معیشت پر بھی ہونا چاہیے، حافظ نعیم الرحمان

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نوجوانوں کے حقوق کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کر رہی ہے اور نوجوانوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کی ترقی میں ہی قوم کی پائیدار ترقی اور پاکستان کے تابناک مستقبل کی ضمانت ہے۔