نور خان ایئربیس پر وفاقی وزیرِ داخلہ سید محسن نقوی اور پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے ایرانی وزیرِ داخلہ اور ان کے اعلیٰ سطحی وفد کا استقبال کیا۔

ایرانی وفد میں وزارتِ داخلہ، وزارتِ خارجہ، وزارتِ شہری ترقی، وزارتِ زراعت، ایران کی قانون نافذ کرنے والی فورس اور کسٹمز انتظامیہ کے اعلیٰ حکام شامل ہیں۔

ایرانی وزارتِ داخلہ کے مطابق وفد میں وزارتِ پیٹرولیم، صنعت، معیشت و خزانہ کے نمائندوں کے علاوہ صوبہ سیستان و بلوچستان کے سینئر حکام بھی شریک ہیں۔

دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ، سرحدی تعاون کو مزید مضبوط بنانے، اقتصادی روابط، ٹرانزٹ سہولتوں اور زرعی شعبے میں تعاون بڑھانے سے متعلق مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

یہ دورہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی اس ہدایت کے تحت کیا جا رہا ہے جس میں پاکستان اور ایران کے درمیان سالانہ تجارتی حجم کو موجودہ 3 ارب ڈالر سے بڑھا کر 10 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔