امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر ٹیمپا میں قائم سوشل میڈیا ایجنسی ’بریک میڈیا‘ (Brick Media) نے جنوری 2023 میں ایک منفرد تجربہ شروع کیا، جس کے تحت ملازمین کو ہفتے میں پانچ کے بجائے صرف چار دن کام کرنے کی اجازت دی گئی، جبکہ جمعہ سمیت ہفتے اور اتوار کو چھٹی مقرر کر دی گئی۔
کمپنی کے چیف ایگزیکٹو جیک کرٹز نے یہ فیصلہ یورپی کمپنیوں میں چار روزہ ورک ویک کے کامیاب تجربات سے متاثر ہو کر کیا تھا۔ ابتدا میں اس منصوبے کو 90 روز کے آزمائشی مرحلے کے طور پر شروع کیا گیا، تاہم مثبت نتائج سامنے آنے کے بعد اپریل 2023 میں اسے مستقل پالیسی بنا دیا گیا۔
تین سال بعد کمپنی کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اس دوران مجموعی آمدنی میں 160 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ آمدنی میں 2023 کے دوران 73 فیصد، 2024 میں 39 فیصد اور 2025 میں 8 فیصد اضافہ ہوا۔
کمپنی کے سربراہ جیک کرٹز کا خیال ہے کہ ملازمین کو ہفتے میں تین چھٹیاں دینے اور کام و نجی زندگی میں توازن پیدا کرنے سے ادارے کی کارکردگی بہتر ہوئی، جس کے نتیجے میں کاروباری آمدنی میں بھی اضافہ ہوا۔
اس تجربے کا ایک اہم نتیجہ ملازمین کی ملازمت چھوڑنے کی شرح میں کمی کی صورت میں سامنے آیا۔ کمپنی کے مطابق 2022 میں 6 ملازمین نے نوکری چھوڑی تھی، جبکہ 2023 اور 2024 میں یہ تعداد 2، 2 رہی اور 2025 میں 3 ملازمین نے ادارہ چھوڑا۔ 2026 میں اب تک کسی ملازم نے استعفیٰ نہیں دیا۔

اسی دوران کمپنی میں کام کرنے والے افراد کی تعداد بھی 2022 کے آخر میں 15 سے بڑھ کر 25 ہو گئی۔
جیک کرٹز کے مطابق ملازمین پر اضافی کام کا بوجھ ڈالنے کے بجائے ضرورت پڑنے پر نئے افراد بھرتی کیے جاتے ہیں تاکہ موجودہ ٹیم پر غیر ضروری دباؤ نہ پڑے۔
کمپنی میں ملازمین پیر سے جمعرات تک روزانہ 9 گھنٹے کام کرتے ہیں، یوں ان کا ہفتہ وار دفتری دورانیہ 36 گھنٹے بنتا ہے، جبکہ تنخواہوں اور دیگر مراعات میں کوئی کمی نہیں کی گئی۔
مزید یہ کہ ملازمین کو ہفتے کے چار میں سے تین دن گھر سے کام کرنے کی سہولت بھی حاصل ہے، جبکہ ایک دن دفتر میں حاضری ضروری ہوتی ہے۔
اگرچہ بعض اوقات ملازمین کو جمعے یا ہفتے اور اتوار کے دوران بھی مختصر وقت کے لیے کام کرنا پڑتا ہے، تاہم کمپنی کے مطابق اس اضافی کام کا معاوضہ اوور ٹائم کی صورت میں ادا کیا جاتا ہے۔
بریک میڈیا کا یہ تجربہ اس بحث کو ایک نئی جہت دیتا ہے کہ کیا ملازمین سے زیادہ وقت کام لینے کے بجائے انہیں بہتر آرام اور نجی زندگی کے لیے وقت فراہم کرنا کاروباری اداروں کی پیداواری صلاحیت اور آمدنی بڑھانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے؟







