لاہور میں جماعت اسلامی کے ’کل پنجاب اجتماعِ ذمہ داران‘ سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عدل و انصاف پر مبنی نظام قائم کرنا جماعت اسلامی کی ذمہ داری ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ جماعت اسلامی پنجاب میں ایک بڑی سیاسی جماعت بن کر سامنے آئے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جو سیاسی جماعت اپنی جگہ بنا لیتی ہے، ملک بھر میں اسی کی سیاست کا اثر نظر آتا ہے۔ ان کے بقول جماعت اسلامی بہت جلد ملک بھر میں ایک بڑی پارلیمانی قوت بنے گی۔
حافظ نعیم الرحمان نے موجودہ سیاسی، سماجی اور معاشی نظام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ چند ہاتھوں میں یرغمال ہے اور طاقتور افراد اس میں سیاسی انجینئرنگ کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کبھی آر ٹی ایس بٹھایا جاتا ہے اور کبھی فارم 47 کے ذریعے عوام پر حکومتیں مسلط کی جاتی ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان لڑائی عوام کے مفاد کے لیے نہیں بلکہ ذاتی مفادات کے لیے ہوتی ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ برصغیر کی سیاست میں کلٹ، جاگیرداری اور سرمایہ دارانہ نظام کا اثر موجود ہے۔ ان کے مطابق اسٹیبلشمنٹ گزشتہ 80 برس سے اپنے زیرِ اثر جماعتوں کو قوم پر مسلط کرتی رہی ہے اور الیکٹیبلز کو مختلف سیاسی جماعتوں میں شامل کرانے کے لیے کردار ادا کرتی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ملک میں عدل و انصاف کا نظام دکھائی نہیں دیتا۔ رائے عامہ ہموار کرنے اور نظام کی تبدیلی کے لیے جماعت اسلامی کو آگے آنا ہوگا۔ ان کا دعویٰ تھا کہ نظام بدلنے کے لیے جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ موجود نہیں۔







