رپورٹس کے مطابق دونوں کھلاڑیوں کو پاکستان کرکٹ کے لیے ان کی نمایاں خدمات اور شاندار کارکردگی کے اعتراف میں یہ اعزاز دیا گیا۔ محمد یوسف کا انتخاب آزادانہ اور شفاف ووٹنگ کے ذریعے کیا گیا، جبکہ ثناء میر کو آئی سی سی ہال آف فیم میں شمولیت کی بنیاد پر پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بنایا گیا۔
ثناء میر نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر میں 226 میچز کھیل کر 240 وکٹیں حاصل کیں اور 2 ہزار 432 رنز اسکور کیے۔ ان کی قیادت میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے 2010 اور 2014 کے ایشین گیمز میں طلائی تمغے جیتے تھے۔
محمد یوسف نے 381 انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 17 ہزار 300 رنز بنائے۔ انہوں نے 2006 میں ٹیسٹ کرکٹ کے ایک کیلنڈر سال میں 1,788 رنز بنا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔
اس سے قبل پی سی بی ہال آف فیم میں 14 نامور کرکٹرز شامل تھے، جن میں عبدالقادر، عبدالحفیظ کاردار، فضل محمود، حنیف محمد، عمران خان، انضمام الحق، جاوید میانداد، مصباح الحق، مشتاق محمد، سعید انور، وسیم اکرم، وقار یونس، یونس خان اور ظہیر عباس شامل ہیں۔
پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے دونوں کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ محمد یوسف اور ثناء میر نے فخر کے ساتھ پاکستان کی نمائندگی کی اور اپنی شاندار کارکردگی سے ملکی کرکٹ میں منفرد مقام حاصل کیا۔







