کراچی میں الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کونسل کے ریجنل آفس سندھ کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم کے بعد گزشتہ 17 برس کے دوران صوبائی حکومتوں نے اختیارات اور فنڈز نچلی سطح تک منتقل نہیں کیے۔ ان کے مطابق اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی نہ ہونے کے باعث مقامی مسائل حل کرنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں، اس لیے ملک میں چھوٹے صوبوں کے قیام پر سنجیدگی سے غور کرنا ضروری ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نئے اور چھوٹے صوبے بننے سے انتظامی معاملات بہتر ہوسکتے ہیں اور اس کا فائدہ پورے پاکستان کو پہنچے گا، کراچی ملک کا معاشی مرکز ہے، لیکن شہر کو اس کی ضرورت کے مطابق اختیارات اور وسائل حاصل نہیں۔ اگر کراچی کو اپنے فیصلے کرنے اور وسائل استعمال کرنے کا اختیار دیا جائے تو یہ شہر قومی معیشت کی ترقی میں کہیں زیادہ مؤثر کردار ادا کرسکتا ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی میں معاشی ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں اور مناسب انتظامی اختیارات ملنے کی صورت میں یہ شہر ملک کو مالی مشکلات سے نکالنے کی صلاحیت رکھتا ہے، ملک کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ بڑے شہروں اور انتظامی یونٹس کو ان کی ضروریات کے مطابق وسائل اور اختیارات فراہم کیے جائیں تاکہ عوامی مسائل کا بروقت حل ممکن ہوسکے۔

آبادی میں اضافے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ پاکستان کی آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے اور 2030 تک ملک دنیا کا چوتھا سب سے زیادہ آبادی والا ملک بن جائے گا، اتنی بڑی آبادی کو سرکاری ملازمتیں فراہم کرنا کسی بھی حکومت کے لیے ممکن نہیں، اس لیے نوجوانوں کو ہنرمند بنانا اور انہیں روزگار کے قابل صلاحیتیں فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں حکومتیں ہر شہری کو سرکاری ملازمت دینے کے بجائے اسے جدید ہنر سکھانے اور اپنی صلاحیتوں کے ذریعے معاشی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے قابل بناتی ہیں۔ پاکستان کو بھی اسی طرز پر انسانی وسائل کی ترقی پر توجہ دینا ہوگی تاکہ نوجوان مقامی اور بین الاقوامی مارکیٹ میں روزگار کے مواقع حاصل کرسکیں۔

مصطفیٰ کمال نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہر سال 32 ارب ڈالر سے زائد ترسیلات زر وطن بھیجتے ہیں، جو ملکی معیشت کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہیں، اگر بیرون ملک سے آنے والی یہ رقوم بند ہوجائیں تو پاکستان کی معیشت شدید مشکلات کا شکار ہوسکتی ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ ملک میں ایسے مواقع پیدا کیے جائیں جن سے روزگار، ہنرمندی اور برآمدات میں اضافہ ہو۔

وفاقی وزیر صحت نے صحت کے شعبے میں درپیش مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تقریباً 9 لاکھ نرسز کی کمی ہے، جبکہ بیرون ملک تربیت یافتہ اور ہنرمند نرسنگ عملے کو اچھی تنخواہوں اور بہتر ملازمتوں کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں، پاکستان میں نرسنگ کے شعبے کو جدید تقاضوں کے مطابق ترقی دینے اور تربیت یافتہ افرادی قوت تیار کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مقامی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ بین الاقوامی سطح پر بھی روزگار کے مواقع حاصل کیے جاسکیں۔

انہوں نے ماضی میں نرسنگ کالجز کے حوالے سے ہونے والی بے ضابطگیوں پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ بعض افراد نے نرسنگ کے تعلیمی اداروں کو کاروبار کا ذریعہ بنا رکھا تھا، حکومت نے اس رجحان کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے اور متعلقہ قانون میں تبدیلیاں کیں تاکہ نرسنگ کی تعلیم اور تربیت کے معیار کو بہتر بنایا جاسکے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ انہوں نے اپنے دور میں صحت کے شعبے میں جتنا کام کیا ہے، وہ ان کے بقول گزشتہ 50 برس کے دوران ہونے والے کام سے زیادہ ہے، تاہم ملک میں صحت کی سہولتوں کو بہتر بنانے کے لیے ابھی مزید اقدامات کی ضرورت ہے، صحت کے شعبے میں پیشہ ورانہ تربیت، ادارہ جاتی اصلاحات اور ہنرمند افرادی قوت کی تیاری پر توجہ دینا ہوگی۔

الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کونسل کے سندھ ریجنل آفس کے قیام کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ اس سے پہلے الائیڈ ہیلتھ سروسز سے وابستہ ہزاروں اور لاکھوں افراد کو اپنے معاملات کے لیے اسلام آباد جانا پڑتا تھا۔ اب سندھ میں ریجنل آفس قائم ہونے سے متعلقہ افراد کو صوبے ہی میں سہولت میسر آئے گی اور مختلف اداروں سے وابستہ امور کے لیے ون ونڈو نظام کے تحت خدمات فراہم کی جاسکیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں اس دفتر کا قیام الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کے انتظامی اور پیشہ ورانہ مسائل حل کرنے میں مددگار ثابت ہوگا، جبکہ متعلقہ افراد کو رجسٹریشن اور دیگر ضروری معاملات کے لیے وفاقی دارالحکومت کے سفر سے بھی نجات مل سکے گی۔