فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت مختلف شہروں کے چیمبرز آف کامرس کا دورہ کر رہی ہے تاکہ تاجروں اور صنعتکاروں کے مسائل کو براہِ راست سنا جا سکے اور ان کے قابلِ عمل حل نکالے جا سکیں، حکومت کا مقصد کاروباری برادری کو درپیش رکاوٹوں کا خاتمہ اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ حالیہ وفاقی بجٹ کی تیاری کے دوران کاروباری طبقے، صنعتکاروں اور مختلف تجارتی تنظیموں کی تجاویز کو خصوصی اہمیت دی گئی،  آئندہ مالی سال کے بجٹ کے لیے بھی مشاورت کا عمل وقت سے پہلے شروع کیا جائے گا تاکہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی آراء کو پالیسی سازی کا حصہ بنایا جا سکے۔

انہوں نے تاجروں اور چیمبرز آف کامرس پر زور دیا کہ وہ ٹیکس نظام کو مزید مؤثر اور شفاف بنانے کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ساتھ بھرپور تعاون کریں،  ٹیکس نیٹ میں اضافے اور محصولات کی بہتر وصولی سے نہ صرف ملکی معیشت مضبوط ہوگی بلکہ ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح کے لیے بھی زیادہ وسائل دستیاب ہوں گے۔

وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کے نتیجے میں پالیسی ریٹ میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی، تاہم خطے میں ایران سے متعلق کشیدہ صورتحال اور عالمی غیر یقینی حالات کے باعث اس میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ معاشی استحکام برقرار رہنے کی صورت میں مستقبل میں مزید مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت برآمدکنندگان کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے تاکہ ملکی برآمدات میں اضافہ ہو، زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہوں اور صنعتی پیداوار کو فروغ ملے۔ انہوں نے کہا کہ برآمدی شعبہ قومی معیشت میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، اس لیے اس کی ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جا رہا ہے۔

مزید پرہیں: وفاقی بجٹ 2026-27: مختلف شعبوں میں ٹیکس اصلاحات، ایف بی آر کو ٹیکس وصولی کا ہدف دے دیا گیا

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کاروبار کرنا نجی شعبے کی ذمہ داری ہے، جبکہ حکومت کا کردار ایسا ماحول فراہم کرنا ہے جہاں سرمایہ کاری، صنعت اور تجارت بلا رکاوٹ فروغ پا سکیں۔ وزیر خزانہ نے یقین دہانی کرائی کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کے لیے مالی سہولیات اور فنانسنگ کے مواقع میں مزید اضافہ کیا جائے گا تاکہ نوجوان کاروباری افراد، صنعتکار اور نئے سرمایہ کار اپنے منصوبوں کو وسعت دے سکیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پائیدار معاشی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کے لیے نجی شعبے کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گی، کیونکہ مضبوط معیشت ہی ملک کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔