ایرانی میڈیا کے مطابق تجہیز و تکفین کی انتظامی کمیٹی کے ترجمان نے بتایا ہے کہ آیت اللہ خامنہ ای کی آخری رسومات کا آغاز 6 جولائی کو تہران سے ہوگا۔

ترجمان کے مطابق 7 جولائی کو قم جبکہ 8 جولائی کو عراق کے مقدس شہروں نجف اور کربلا میں جنازے کے جلوس نکالے جائیں گے۔ اس تقریب کا عنوان ’الوداع اے ایران کے شہید قائد‘ جبکہ نعرہ ’ہمیں اٹھنا ہوگا‘ رکھا گیا ہے۔

انتظامی کمیٹی کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای کی تدفین 9 جولائی بروز جمعرات مشہد میں حضرت امام رضاؑ کے روضۂ مبارک میں کی جائے گی۔

ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ آیت اللہ خامنہ ای 28 فروری 2026 کو تہران میں واقع اپنے کمپاؤنڈ پر ہونے والی شدید بمباری میں شہید ہوئے تھے۔ اس حملے کا الزام امریکا اور اسرائیل پر عائد کیا گیا تھا، جبکہ ایرانی سرکاری میڈیا نے اگلے روز ان کی شہادت کی تصدیق کی تھی۔

رپورٹس کے مطابق اس حملے کے بعد ایران میں سیاسی اور مذہبی سطح پر اہم تبدیلیاں آئیں اور آیت اللہ خامنہ ای کے صاحبزادے مجتبیٰ خامنہ ای کو ملک کا نیا رہبرِ اعلیٰ مقرر کیا گیا۔

چند روز قبل ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ حملے کے روز وہ بھی آیت اللہ خامنہ ای کے دفتر میں موجود تھے، تاہم وہ محفوظ رہے۔

واضح رہے کہ آیت اللہ خامنہ ای کئی دہائیوں تک ایران کے سب سے بااثر سیاسی اور مذہبی رہنما رہے اور ملکی و علاقائی پالیسیوں میں مرکزی کردار ادا کرتے رہے۔