یہ صورتحال تعطیلات کے بعد گھروں کو واپس جانے والے مسافروں کے لیے شدید مشکلات پیدا کر رہی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گریٹ لیکس اور شمال مشرقی امریکا میں برف باری اور منجمد بارش کے باعث سڑکوں کے ساتھ ہوائی اڈوں کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ہے، جبکہ کیلیفورنیا میں موسلا دھار بارشوں نے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھا دیے ہیں جس سے سفر مزید دشوار ہو گیا ہے۔
Airlines for America کے مطابق 19 دسمبر سے 5 جنوری کے دوران ریکارڈ 5 کروڑ 26 لاکھ مسافر ہوائی سفر کریں گے، جن میں سب سے زیادہ دباؤ جمعہ اور ہفتے کے روز دیکھا گیا۔ مسافروں کی اس بڑی تعداد کے باعث خراب موسم سے متاثر ہونے والوں کی تعداد میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
فلائٹ ٹریکنگ ادارے FlightAware کے مطابق جمعہ کی شام 5 بجے ایس ٹی تک 5,902 پروازیں تاخیر کا شکار جبکہ 1,865 پروازیں منسوخ ہو چکی تھیں۔
نیویارک کے جان ایف کینیڈی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سب سے زیادہ اثرات دیکھے گئے، جہاں 153 روانہ ہونے والی پروازیں منسوخ، 143 تاخیر کا شکار، 220 آنے والی پروازیں منسوخ اور 67 تاخیر کا شکار ہوئیں، یوں مجموعی طور پر تقریباً 45 فیصد آمد و رفت متاثر رہی۔
نیو جرسی کے نیوارک لبرٹی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 104 آؤٹ باؤنڈ پروازیں منسوخ، 163 تاخیر کا شکار، 140 اِن باؤنڈ پروازیں منسوخ اور 98 تاخیر کا شکار ہوئیں۔
اسی طرح نیویارک کے لاگارڈیا ایئرپورٹ سے 87 روانہ ہونے والی پروازیں منسوخ، 97 تاخیر کا شکار جبکہ 153 آنے والی پروازیں منسوخ اور 43 تاخیر کا شکار رہیں۔
سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ایئرلائنز میں Delta Air Lines، JetBlue، Republic Airways اور Southwest Airlines شامل ہیں، تاہم تقریباً تمام ایئرلائنز کی پروازیں کسی نہ کسی حد تک متاثر ہو رہی ہیں۔ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایئرپورٹ روانگی سے قبل اپنی پرواز کی تازہ صورتحال ضرور چیک کریں۔
فضائی سفر کے ساتھ زمینی سفر بھی خطرناک صورت اختیار کر چکا ہے۔ امریکی ادارے AAA کے مطابق کرسمس کے موقع پر 10 کروڑ 95 لاکھ افراد 50 میل سے زائد زمینی سفر کریں گے، جن میں سے لاکھوں افراد کو واپسی پر شدید خراب موسمی حالات کا سامنا ہو سکتا ہے۔
شمال مشرقی امریکا اور گریٹ لیکس کے علاقوں میں برف، ژالہ باری اور منجمد بارش کے باعث پنسلوینیا کے وسطی اور مغربی حصوں میں آئس اسٹورم وارننگ جاری کی گئی ہے، جبکہ جنوبی نیویارک اور ٹرائی اسٹیٹ ایریا میں ہفتے تک ونٹر اسٹورم وارننگ نافذ رہے گی۔
دوسری جانب جنوبی کیلیفورنیا اور مغربی ساحلی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث سیلاب، مٹی کے تودے اور ملبے کے بہاؤ کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں، جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفانی طوفان نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔






