سرکاری اخبار کے مطابق کم جونگ اُن نے جمعرات کے روز بحریہ کے ایک تجرباتی مظاہرے کی نگرانی کی، جس دوران وہ 5 ہزار ٹن وزنی ڈسٹرائر کانگ کون پر سوار ہوئے جبکہ ایک اور 5 ہزار ٹن وزنی جنگی جہاز چوئی ہیون کا بھی معائنہ کیا۔ شی جن پنگ کے متوقع دورے سے قبل کم جونگ اُن مسلسل فوجی اور دفاعی تنصیبات کے دورے کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ کانگ کون گزشتہ سال اپنی افتتاحی تقریب کے دوران جزوی طور پر الٹ گیا تھا، جس کے بعد اس کی مرمت کی گئی تھی۔
جمعرات ہی کے روز کم جونگ اُن نے جوہری مواد تیار کرنے والی ایک نئی تنصیب کا دورہ کرتے ہوئے ملک کے جوہری ہتھیاروں کے ذخیرے میں غیر معمولی اضافے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔
چینی صدر شی جن پنگ 8 سے 9 جون تک پیونگ یانگ کا دورہ کریں گے۔ سات برسوں کے دوران یہ ان کا شمالی کوریا کا دوسرا دورہ ہوگا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق چین، روس اور شمالی کوریا کے بڑھتے ہوئے تعلقات کے تناظر میں اپنے واحد باقاعدہ معاہداتی اتحادی کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔
رودونگ سنمن کے مطابق کم جونگ اُن نے کہا کہ جوہری حملوں کے خطرات کا مؤثر مقابلہ کرنے کے لیے شمالی کوریا کو اپنی بحری صلاحیتوں میں مزید اضافہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے زمین، سمندر اور فضا میں طاقتور فوجی قوت کی تعمیر پر بھی زور دیا۔
Kim Jong Un said North Korea must enhance its naval capabilities to deter a nuclear war, while calling for powerful military capabilities across land, sea and air, the newspaper said.https://t.co/IXJ08XtHCc
— Dawn.com (@dawn_com) June 6, 2026
سرکاری میڈیا کی جانب سے جاری تصاویر میں کم جونگ اُن کے ہمراہ ان کی بیٹی بھی موجود تھیں، جنہیں مبصرین جو اے کے نام سے جانتے ہیں اور جن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ کم جونگ اُن کی ممکنہ جانشین ہو سکتی ہیں۔
مئی 2025 میں شمالی کوریا نے اعلان کیا تھا کہ چونگ جن بندرگاہ پر ایک 5 ہزار ٹن وزنی ڈسٹرائر لانچنگ کے دوران جزوی طور پر الٹ گیا تھا۔ اس موقع پر کم جونگ اُن نے حادثے کو ناقابلِ برداشت مجرمانہ عمل قرار دیتے ہوئے شدید تنقید کی تھی۔
بعد ازاں راجن بندرگاہ پر جہاز کی مرمت مکمل ہونے کے بعد اسے دوبارہ لانچ کیا گیا اور اس کا نام کانگ کون رکھا گیا۔
جنوبی کوریا کے انسٹی ٹیوٹ فار نیشنل یونیفیکیشن کے سینئر تجزیہ کار ہونگ مِن نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ یہ پہلا موقع ہے جب شمالی کوریا نے 10 ہزار ٹن وزنی ڈسٹرائر تیار کرنے کے منصوبے کا ذکر کیا ہے۔
ہونگ مِن کے مطابق کم جونگ اُن ممکنہ طور پر شی جن پنگ کے دورے سے قبل شمالی کوریا کی عسکری صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرنا چاہتے ہیں۔






