سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں عباس عراقچی نے کہا کہ ایرانی قوم ایک باوقار اور مضبوط قوم ہے، جسے توہین آمیز الفاظ یا اشتعال انگیز بیانات سے کمزور نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کا مؤقف ہمیشہ واضح رہا ہے کہ وہ بدزبانی کے جواب میں بدزبانی نہیں کرتا بلکہ ضرورت پڑنے پر عملی اقدامات کے ذریعے اپنا ردعمل دیتا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عندیہ دیا تھا کہ امریکا ایران کے خلاف مزید فوجی کارروائی کر سکتا ہے۔
نیٹو سربراہی اجلاس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکا نے گزشتہ رات ایران کو سخت نشانہ بنایا اور امکان ہے کہ آئندہ بھی ایسی کارروائیاں کی جا سکتی ہیں۔
مزید پڑھیں: ایران پاکستان کی حمایت کو کبھی فراموش نہیں کرے گا، ایرانی صدر
امریکی صدر نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ ایران کے ساتھ مزید کسی معاہدے یا مذاکرات میں دلچسپی نہیں رکھتے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل امریکا آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں پر حملوں کو بنیاد بنا کر ایران میں متعدد فضائی کارروائیاں کر چکا ہے، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔







