عالمی خبر رساں ادارےروئٹرز  کی رپورٹ کے مطابق، اسرائیلی سرکاری نشریاتی ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حماس نے پیر کو غزہ میں موجود ریڈ کراس کے نمائندوں کے حوالے تمام 20 زندہ اسرائیلی یرغمالیوں کو کر دیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ یرغمالیوں کو دو مرحلوں میں رہا کیا گیا۔ دوسرے مرحلے میں 13 یرغمالیوں کو جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں منتقل کیا گیا۔

اس سے قبل خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں کارروائی میں شامل ایک اہلکار کے حوالے سے بتایا گیا کہ اس معاہدے کے تحت اسرائیل اپنی جیلوں سے سیکڑوں فلسطینی قیدیوں کو رہا کرنے والا ہے۔

اسرائیل اور حماس کے درمیان طے پانے والا یہ جنگ بندی معاہدہ، جو دو سالہ جنگ کے خاتمے کی جانب سب سے بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے، ایک پائیدار امن کی راہ ہموار کرنے کی کوشش ہے۔

اسرائیل میں لوگ اسرائیلی جھنڈے لہراتے ہوئے غزہ کے قریب واقع فوجی کیمپ "رئیم" کے نزدیک جمع ہوئے، جہاں یرغمالیوں کو لایا جائے گا اور بعد ازاں انہیں اسپتال منتقل کیا جائے گا۔

تل ابیب کے ’یرغمالی چوک‘ میں بھی سیکڑوں افراد جمع ہوئے، جنہوں نے اسرائیلی جھنڈے تھام رکھے تھے اور یرغمالیوں کی تصاویر والے پوسٹر بلند کر رکھے تھے۔

رپورٹ کے مطابق جنوبی غزہ کے نصر اسپتال میں تقریباً ایک درجن نقاب پوش مسلح افراد پہنچے، جو غالباً حماس کے عسکری وِنگ کے ارکان تھے۔ وہ اس مقام پر جمع ہوئے جہاں سے بعض یرغمالیوں کو ریڈ کراس کے حوالے کیا جا سکتا تھا، یا جہاں سے رہائی پانے والے فلسطینی قیدیوں کی آمد متوقع تھی۔

یہ مسلح افراد کئی ایمبولینسوں کے قریب قطار میں کھڑے دکھائی دیے۔ ریتیلے علاقے میں کرسیوں کی قطار بھی لگائی گئی تھی، جہاں ایک مختصر استقبالیہ کا اہتمام کیا گیا تھا۔

دوسری جانب، خبر رساں ادارے رائٹرز نے بتایا ہے کہ اسرائیلی قید سے رہائی پانے والے فلسطینی قیدیوں کی 38 بسیں غزہ پہنچ گئیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کو واشنگٹن سے اسرائیل روانہ ہوتے ہوئے ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنگ ختم ہو گئی ہے۔ جب ان سے خطے کے مستقبل کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ’’میرا خیال ہے کہ اب حالات معمول پر آ جائیں گے۔‘‘

واضح رہے کہ ٹرمپ آج اسرائیلی پارلیمان سے خطاب کریں گے، جہاں ان کے لیے ایک پُرجوش خیرمقدم کی تیاری کی جا رہی ہے۔ اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ نے اعلان کیا ہے کہ ٹرمپ کو رواں سال کے آخر میں اسرائیل کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز سے بھی نوازا جائے گا۔