رپورٹ کے مطابق 8 لاکھ سے کم آبادی والے اس ملک میں 4 جون 2026 یا اس کے بعد پیدا ہونے والے ہر تیسرے اور اس کے بعد کے بچے کے لیے خاندان کو 10 ہزار نگلٹرم (تقریباً 29 ہزار پاکستانی روپے) ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔ یہ مالی معاونت بچے کی عمر تین سال ہونے تک جاری رہے گی۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ یہ سہولت ان بچوں پر بھی لاگو ہوگی جو اس پالیسی کے نفاذ سے قبل پیدا ہو چکے ہیں لیکن ابھی تین سال کی عمر کو نہیں پہنچے۔
کابینہ کی سیکریٹری کیسانگ ڈیکی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ رعایت دوسرے بچے کے بعد پیدا ہونے والے تمام بچوں کے لیے دستیاب ہوگی۔ ان کے مطابق اگر کسی خاندان کے ہاں تین، چار، پانچ، چھ یا اس سے زیادہ بچے ہوں تو وہ اس مالی معاونت کے حقدار ہوں گے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بھوٹان میں سالانہ پیدائشوں کی تعداد 2015 میں 11 ہزار ایک تھی، جو 2024 میں 26 فیصد کمی کے بعد 8 ہزار 153 رہ گئی۔ ملک میں فی خاتون بچوں کی اوسط تعداد بھی کم ہو کر متبادل آبادی کی سطح یعنی 2.1 کے قریب پہنچ چکی ہے۔
سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آبادی میں کمی، بزرگ افراد کی بڑھتی ہوئی تعداد اور نوجوانوں کی بیرونِ ملک ہجرت جیسے عوامل بھوٹان کی افرادی قوت، معیشت اور سماجی ڈھانچے کے لیے طویل المدتی خطرات پیدا کر رہے ہیں۔ معاشی مشکلات کے باعث نوجوانوں کی بڑی تعداد بہتر مواقع کی تلاش میں ملک چھوڑ رہی ہے۔
$105 monthly incentive: Bhutan to give cash incentives to families for more babieshttps://t.co/GLxHnfdqsc
— Khaleej Times (@khaleejtimes) June 5, 2026
بھوٹان دنیا بھر میں اپنے منفرد گراس نیشنل ہیپینیس انڈیکس کے لیے مشہور ہے، جہاں ترقی کا اندازہ صرف مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) سے نہیں بلکہ شہریوں کی خوشی، ذہنی آسودگی اور معیارِ زندگی سے بھی لگایا جاتا ہے۔
تاہم حالیہ معاشی چیلنجز اور آبادی میں کمی کے رجحان نے حکومت کو یہ پالیسی متعارف کرانے پر مجبور کیا ہے۔
واضح رہے کہ بھوٹان کی پڑوسی انڈین ریاست سکم نے بھی 2023 میں شرحِ پیدائش بڑھانے کے لیے خواتین کو ایک سال کی زچگی کی چھٹی، مردوں کو ایک ماہ کی رخصت اور مصنوعی طریقۂ تولید (آئی وی ایف) کے ذریعے اولاد کے خواہش مند جوڑوں کو مالی معاونت فراہم کرنے جیسے اقدامات کا اعلان کیا تھا۔
بھوٹان حکومت کو امید ہے کہ نئی پالیسی سے ماؤں اور بچوں کی فلاح و بہبود میں بہتری آئے گی اور ملک میں آبادی کا توازن برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔






