دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات انتہائی خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی، جس میں پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید وسعت دینے، اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے اور باہمی اعتماد پر مبنی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس میں اپنے خطاب کے دوران پاکستان کے مؤقف اور علاقائی امن، استحکام اور تعمیری سفارتکاری کی کوششوں کو سراہنے پر چینی وزیر خارجہ وانگ یی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، ترقی اور باہمی روابط کے فروغ کے لیے چین کے ساتھ قریبی تعاون کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔
چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے اس موقع پر پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے شنگھائی تعاون تنظیم کی کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کی آئندہ سربراہی سنبھالنے اور 2027 میں ایس سی او سربراہی اجلاس کی میزبانی کے لیے پاکستان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر تعاون کو مزید فروغ دینے اور علاقائی استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان ہر موسم کی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات، علاقائی امن اور اقتصادی ترقی کے لیے انتہائی اہم ہے۔ ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، علاقائی رابطہ کاری، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مزید پڑھیں: ایس سی او وزرائے خارجہ اجلاس کا آغاز، پاکستان سےاسحاق ڈار کی شرکت
دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور چین عالمی اور علاقائی سطح پر باہمی رابطے اور مشاورت کا سلسلہ جاری رکھیں گے، جبکہ شنگھائی تعاون تنظیم سمیت دیگر بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر بھی قریبی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ ایس سی او اجلاس کے موقع پر ہونے والی یہ ملاقات پاکستان اور چین کے مضبوط سفارتی تعلقات کی عکاس ہے، جو نہ صرف دوطرفہ تعاون بلکہ خطے میں امن، استحکام، اقتصادی روابط اور مشترکہ ترقی کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔







