اس سے قبل دارالحکومت تہران میں آیت اللہ علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ ادا کی گئی۔ ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق نمازِ جنازہ اور اس کے بعد ہونے والے جلوس میں ملک کے مختلف صوبوں کے علاوہ بیرونِ ملک سے آنے والے وفود نے بھی شرکت کی، جبکہ شرکا کی تعداد لاکھوں میں بتائی جا رہی ہے۔ جلوس کے دوران شہریوں کی بڑی تعداد نے مرحوم رہنما کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے حق میں دعائیں کیں۔
جلوسِ جنازہ تہران کے اہم شاہراہوں اور تاریخی چوراہوں سے گزرا، جہاں سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے تھے۔ مختلف مقامات پر سوگواروں نے پھول نچھاور کیے، قرآن خوانی کی گئی اور مرحوم کی دینی و سیاسی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ جلوس کئی گھنٹوں تک جاری رہا، جس کے باعث شہر کے متعدد علاقوں میں ٹریفک کی آمد و رفت بھی محدود رہی۔
ایرانی میڈیا کے مطابق قم منتقلی کے بعد ممتاز مذہبی شخصیات، علما، طلبہ اور عوام کی بڑی تعداد نے آخری دیدار کیا۔ تعزیتی تقریبات کے دوران مرحوم کی ملکی سلامتی، اسلامی انقلاب اور خطے میں ایران کے کردار سے متعلق خدمات پر روشنی ڈالی گئی۔
رپورٹس کے مطابق آیت اللہ علی خامنہ ای کے جسدِ خاکی کو آئندہ مرحلے میں عراق کے مقدس شہروں نجف اور کربلا لے جانے کا بھی پروگرام ترتیب دیا گیا ہے، جہاں مختصر تعزیتی تقریبات اور زیارات کے بعد میت کو دوبارہ ایران منتقل کیا جائے گا۔ بعد ازاں مشہد میں ان کی تدفین کی جائے گی، جہاں لاکھوں افراد کی شرکت متوقع ہے۔
مزید پڑھیں: ہم اچھے لوگ ہیں اس لیے سابق سپریم لیڈر کی آخری رسومات کے لیے ایران کو ایک ہفتے کی مہلت دی، ڈونلڈ ٹرمپ
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق ایرانی عوام کی بڑی تعداد کی شرکت کو قومی اتحاد اور یکجہتی کی علامت قرار دیا جا رہا ہے، آخری رسومات میں عوامی شرکت نے یہ پیغام دیا ہے کہ ایران اندرونی استحکام اور قومی وحدت کو برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہے، جبکہ خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال میں یہ اجتماعات سیاسی اور سفارتی حلقوں کی بھی خصوصی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔
ایران کی حکومت نے آخری رسومات کے دوران ملک بھر میں خصوصی انتظامات کیے ہیں، جبکہ سیکیورٹی ادارے اور رضاکار مسلسل خدمات انجام دے رہے ہیں۔ مختلف شہروں میں تعزیتی ریفرنسز، دعائیہ اجتماعات اور قرآن خوانی کی محافل بھی جاری ہیں، جہاں مرحوم رہنما کی دینی، سیاسی اور انقلابی خدمات کو بھرپور انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔






