خبررساں ادارے کی رپورٹس کے مطابق امریکا اور اسرائیل کی ایران میں جنگ کے بعد سے غزہ میں اسرائیلی فوج کے مہلک حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

غزہ شہر میں الشفا ہسپتال کے سربراہ محمد ابو سلمیہ کے مطابق الازہر یونیورسٹی غزہ کے قریب اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں تین فلسطینی شہید ہوئے۔ شہید ہونے والوں میں ایک پیرا میڈیکل ورکر محمد حمدونا جب کہ دو دیگر شہری محمد ابو صدیق اور احمد شامل ہیں۔

وزارتِ صحت کے عملے کے مطابق اسرائیلی فوج نے خیموں سے قائم ایک کیمپ میں موجود ہجوم کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔

اطلاعات کے مطابق ایران پر اسرائیل اور امریکا کے حملوں کے بعد اگرچہ غزہ میں حملوں میں کسی حد تک کمی دیکھی گئی، تاہم اس دوران بھی متعدد فلسطینی بمباری اور فائرنگ کے واقعات میں شہید ہوئے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے اتوار کو جاری ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ اس نے حماس کے دو ارکان کو ہلاک کیا ہے جو اسرائیلی فوجیوں پر حملے کی تیاری کر رہے تھے، تاہم اس دعوے کے حق میں کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا گیا۔

یاد رہے کہ غزہ میں جاری جنگ کے باعث 20 لاکھ سے زائد فلسطینی بے گھر ہو کر مختلف کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہیں، جہاں وقتاً فوقتاً اسرائیلی فوج کی جانب سے بمباری یا گولہ باری کی جاتی رہتی ہے۔

واضح رہے کہ غزہ میں جاری جنگ کے نتیجے میں اب تک 72 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔