صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر گزشتہ ماہ کیے گئے ایک سروے کے نتائج شیئر کیے، جس میں امریکی ووٹرز کی اکثریت نے ایران کے ساتھ جنگ ختم کرنے کے لیے امن معاہدے کی حمایت کا اظہار کیا۔

سروے کے مطابق امریکا کے 60 فیصد رجسٹرڈ ووٹرز نے ایران کے ساتھ معاہدے کی حمایت کی، جب کہ 23 فیصد نے مخالفت کی۔ اس کے علاوہ 15 فیصد شرکا نے اس حوالے سے کوئی رائے نہیں دی۔

اسی طرح ممکنہ امریکی ووٹرز میں 62 فیصد نے امن معاہدے کی حمایت، 24 فیصد نے مخالفت، جبکہ 13 فیصد نے کسی رائے کا اظہار نہیں کیا۔

سروے میں شرکا سے سوال کیا گیا تھا کہ کیا آپ ایران سے جنگ کے خاتمے کے لیے امن معاہدے کی حمایت کرتے ہیں یا مخالفت؟

سروے کی تفصیلات میں کہا گیا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے ایران کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے ایک امن معاہدہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدر ٹرمپ کے دستخطوں سے طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کے تحت آبنائے ہرمز کھولنے، ایران پر عائد اقتصادی پابندیوں اور ایرانی جوہری پروگرام سے متعلق مزید مذاکرات کے لیے دو ماہ کی مدت مقرر کی گئی ہے، جب کہ اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا ہے کہ ایران جوہری ہتھیار تیار یا حاصل نہیں کرے گا۔