عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حادثہ روزمرہ گشت کے دوران پیش آیا۔

بیان کے مطابق ہیلی کاپٹر میں دو اہلکار سوار تھے جنہیں حادثے کے تقریباً دو گھنٹے بعد ریسکیو آپریشن کے ذریعے بحفاظت سمندر سے نکال لیا گیا۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ دونوں اہلکاروں کی حالت مستحکم ہے اور انہیں ضروری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، تاہم ہیلی کاپٹر سمندر میں ڈوب گیا۔

حادثے کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی۔ امریکی فوج نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ حادثہ تکنیکی خرابی، موسمی حالات یا کسی اور وجہ سے پیش آیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی صحافیوں سے گفتگو میں تصدیق کی کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں بچ جانے والے دونوں اہلکار خیریت سے ہیں اور ان کی حالت تشویشناک نہیں۔

یاد رہے کہ خلیج عمان اور مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوجی سرگرمیاں جاری ہیں جبکہ خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر عالمی توجہ مرکوز ہے۔

امریکی حکام کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حادثے سے متعلق مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔