ایرانی آبنائے ہرمز اتھارٹی (پی جی ایس اے) کی جانب سے جمعہ کو جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق عبوری معاہدے کے دوران آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تمام جہازوں کو آمد سے کم از کم 48 گھنٹے قبل ٹرانزٹ کی درخواست جمع کرانا ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اس 60 روزہ عبوری مدت کے دوران جہازوں سے سیکیورٹی، سیفٹی، ماحولیاتی خدمات اور متعلقہ انشورنس سمیت کسی بھی قسم کی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔
تاہم ایرانی حکام نے واضح کیا ہے کہ محفوظ اور منظم بحری آمدورفت کو یقینی بنانے کے لیے تمام جہازوں کو پیشگی رابطے اور کوآرڈینیشن کے موجودہ طریقہ کار پر عمل کرنا ہوگا۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد بارودی سرنگوں سے متاثرہ علاقوں اور دیگر حساس مقامات کے باعث جہازوں کے راستوں اور آمد کے اوقات کو پہلے سے منظم کرنا ہے، تاکہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والی عالمی سمندری تجارت محفوظ اور بلا تعطل جاری رہ سکے۔





