ارجنٹینا اور اسپین پہلی بار ورلڈ کپ فائنل میں ایسی حیثیت کے ساتھ آمنے سامنے ہوں گے کہ ایک ٹیم موجودہ کوپا امریکہ چیمپئن ہے جبکہ دوسری موجودہ یورپی چیمپئن
فٹبال شائقین طویل عرصے سے ارجنٹینا اور اسپین کے درمیان فائنالیسیما کے انعقاد کے منتظر تھے، جہاں جنوبی امریکہ اور یورپ کے چیمپئن مدمقابل ہوتے ہیں۔ تاہم فیفا اور یوئیفا کی کوششوں کے باوجود مصروف بین الاقوامی شیڈول، سیکورٹی مسائل اور کیلنڈر میں گنجائش نہ ہونے کے باعث یہ مقابلہ ممکن نہ ہو سکا۔
اب قسمت نے دونوں ٹیموں کو دنیا کے سب سے بڑے فٹبال اسٹیج پر آمنے سامنے لا کھڑا کیا ہے۔ ورلڈ کپ فائنل میں ارجنٹینا اور اسپین نہ صرف عالمی ٹائٹل بلکہ تاریخ میں اپنا نام سنہری حروف سے لکھوانے کے لیے بھی میدان میں اتریں گے۔
یہ فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ کا پہلا موقع ہوگا جب موجودہ کوپا امریکہ چیمپئن اور موجودہ یورپی چیمپئن براہِ راست ورلڈ کپ ٹرافی کے لیے فائنل کھیلیں گے۔ اس سے قبل کبھی بھی تازہ یورو چیمپئن اور تازہ کوپا امریکہ چیمپئن ورلڈ کپ کے فیصلہ کن معرکے میں ایک دوسرے کے مدمقابل نہیں آئے۔
اس تاریخی مقابلے کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ گئی ہے کہ فائنل میں فیفا ورلڈ رینکنگ کی سرفہرست دو ٹیمیں بھی آمنے سامنے ہوں گی۔ ارجنٹینا اس وقت عالمی رینکنگ میں پہلے جبکہ اسپین دوسرے نمبر پر موجود ہے۔
مزید پڑھیں: فابیان روئز کی ناقابلِ شکست مہم،گارینشا کا 60 سال پرانا ریکارڈ خطرے میں
یوں براعظمی چیمپئنز، عالمی رینکنگ کی ٹاپ دو ٹیموں اور ورلڈ کپ ٹائٹل کی جنگ نے 2026 کے فائنل کو فٹبال کی تاریخ کے اہم ترین اور یادگار مقابلوں میں شامل کر دیا ہے، جس کا دنیا بھر کے شائقین بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔






