وانکھڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر انڈیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ انڈین اوپنرز نے جارحانہ انداز اپنایا اور تیز رفتار آغاز فراہم کیا۔
انگلینڈ کے ول جیکس نے دوسرے اوور میں نوجوان بیٹر ابھیشک شرما کو فل سالٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا دیا۔ ابھیشک شرما نے سات گیندوں پر نو رنز بنائے۔ اگلے ہی اوور میں جوفرا آرچر نے سنجو سیمسن کو آؤٹ کرنے کا سنہری موقع پیدا کیا لیکن کپتان ہیری بروک آسان کیچ تھامنے میں ناکام رہے۔
A #T20WorldCup classic in Mumbai as India beat England in a nail-biter to reach the Final 🔥
— ICC (@ICC) March 5, 2026
📝: https://t.co/w7G9C2FaMw pic.twitter.com/kazCgeeHDs
سنجو سیمسن نے ایشان کشن کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کے لیے 97 رنز کی شراکت قائم کی اور اسکور دسویں اوور میں 117 تک پہنچا دیا۔ تاہم ایشان کشن 39 رنز بنا کر عادل رشید کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
زندگی ملنے کے بعد سنجو سیمسن نے انگلینڈ کے بولرز کی خوب دھلائی کی اور صرف 26 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔
ول جیکس نے 14ویں اوور کی پہلی گیند پر سنجو سیمسن کی 89 رنز کی شاندار اننگز کا خاتمہ کیا۔ سیمسن نے 42 گیندوں پر مشتمل اننگز میں آٹھ چوکے اور سات بلند و بالا چھکے لگائے۔ رواں ورلڈ کپ میں یہ ان کی مسلسل دوسری نصف سنچری تھی۔
بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کو عادل رشید نے 11 رنز پر آؤٹ کیا۔ اس کے بعد شیوم دوبے نے جارحانہ بیٹنگ جاری رکھی اور 25 گیندوں پر ایک چوکے اور چار چھکوں کی مدد سے 43 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔
WE ARE INTO THE FINAL 🥳#TeamIndia win by 7⃣ runs in Mumbai 🙌
— BCCI (@BCCI) March 5, 2026
Scorecard ▶️ https://t.co/LxSBs3EDPx#T20WorldCup | #MenInBlue | #ENGvIND pic.twitter.com/C6Yh6ZTd7d
ہارڈک پانڈیا اور تلک ورما نے بھی تیز رفتار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور بالترتیب 12 گیندوں پر 27 اور سات گیندوں پر 21 رنز بنائے، جبکہ آکشر پٹیل دو رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
انگلینڈ کے بولرز مجموعی طور پر غیر مؤثر دکھائی دیے، تاہم ول جیکس اور عادل رشید دو، دو وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔
اس کے ساتھ ہی انڈیا نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز بنائے۔
بڑے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کے جوز بٹلر اور فل سالٹ نے پہلے اوور میں 13 رنز بنائے، تاہم دوسرے اوور کی پہلی ہی گیند پر فل سالٹ آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد کپتان ہیری بروک بھی صرف سات رنز بنا سکے۔
جوز بٹلر نے جیکب بیتھل کے ساتھ مل کر ٹیم کی نصف سنچری مکمل کی لیکن وہ 25 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ٹام بینٹن نے جارحانہ آغاز کیا اور پانچ گیندوں پر ایک چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے 17 رنز بنائے لیکن آکشر پٹیل کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
ول جیکس نے 20 گیندوں پر 35 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی لیکن وہ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے۔ سیم کیوران نے 18 رنز بنائے مگر باؤنڈری حاصل کرنے کی کوشش میں تلک ورما کے ہاتھوں شاندار کیچ دے بیٹھے۔
𝗠. 𝗢. 𝗢. 𝗗 😎
— BCCI (@BCCI) March 5, 2026
Scorecard ▶️ https://t.co/LxSBs3EDPx#TeamIndia | #T20WorldCup | #MenInBlue | #ENGvIND pic.twitter.com/rr1jtSet19
انگلینڈ کے جیکب بیتھل نے بڑے ہدف کے تعاقب میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 48 گیندوں پر آٹھ چوکوں اور سات چھکوں کی مدد سے 105 رنز بنائے اور آخری وقت تک انگلینڈ کی جیت کی امیدیں برقرار رکھیں۔
انگلینڈ نے بیتھل کی شاندار اننگز کی بدولت 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 246 رنز بنائے، تاہم وہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہا۔
انڈیا نے عمدہ فیلڈنگ اور مؤثر بولنگ کی بدولت انگلینڈ کو سات رنز سے شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں جگہ بنا لی، جہاں وہ اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا۔سنجو سیمسن کو شاندار بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں انڈیا کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہوگا۔





