ایل سی سی اے گراؤنڈ میں پریکٹس سیشن کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاسٹ بولر نے کہا کہ ناقدین کو پہلے میچ کی صورتحال کو سمجھنا چاہیے، اس کے بعد ہی کرکٹ پر تبصرہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر اکثر لوگ بغیر مکمل معلومات کے اظہارِ خیال کر دیتے ہیں۔

حارث رؤف نے کہا کہ انہوں نے اپنے کیریئر میں جہاں کچھ میچز ہرائے ہیں وہیں کئی میچز جتوائے بھی ہیں، اس لیے وہ اپنی کارکردگی کے بارے میں پُراعتماد ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ فخر زمان کی کمی آئندہ میچز میں محسوس ہوگی کیونکہ وہ ٹیم کے اہم کھلاڑی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وہ دنیا بھر میں کرکٹ کھیل چکے ہیں اور بطور کھلاڑی خود پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں۔

حارث رؤف نے بتایا کہ انہیں پیٹر سڈل کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملا، جن سے انہوں نے بہت کچھ سیکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پیٹر سڈل کی فٹنس متاثر کن ہے اور ان کے ساتھ خوشگوار ماحول میں ہنسی مذاق بھی جاری رہتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی تمام کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھاتے ہیں اور ٹیم میں اعتماد پیدا کرتے ہیں۔

ان کے مطابق ٹیم انتظامیہ کی جانب سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ بھی جاری ہے اور حال ہی میں دو کھلاڑیوں کو فرنچائز کی جانب سے قیمتی موبائل فون بھی دیے گئے ہیں۔