144 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ایم آئی لندن نے تین وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف 16 گیندیں قبل حاصل کر لیا۔ سیم کرن نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابلِ شکست 60 رنز بنائے، جبکہ نکولس پوران نے صرف 19 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کرتے ہوئے 58 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ پوران کی اننگز میں پانچ چوکے اور پانچ چھکے شامل تھے۔

دونوں بلے بازوں نے چوتھی وکٹ کے لیے صرف 40 گیندوں پر 93 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت قائم کی، جس نے میچ کا پانسہ مکمل طور پر ایم آئی لندن کے حق میں پلٹ دیا۔

اس سے قبل سن رائزرز لیڈز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 143 رنز بنائے۔ مچل مارش 41 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ ٹام آلسوپ نے 31 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کا ہدف بہتر بنانے کی کوشش کی۔ تاہم انگلینڈ کے وائٹ بال کپتان ہیری بروک صرف 8 اور کپتان زیک کرالی 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

ایم آئی لندن کی جانب سے رچرڈ گلیسن نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 25 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سیم کرن نے بھی گیند سے مؤثر کردار ادا کرتے ہوئے 27 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔

مزید پڑھیں: لنکا پریمیئر لیگ کے آغاز سے قبل بڑا اسکینڈل سامنے آ گیا

واضح رہے کہ ایم آئی لندن، جو نجی سرمایہ کاری کے بعد سابق چیمپئن اوول انوِنسبلز کی نئی شناخت ہے، مردوں کے دی ہنڈرڈ ٹورنامنٹ کے گزشتہ تین مسلسل ایڈیشنز کی فاتح رہ چکی ہے اور اس نے نئے سیزن کا آغاز بھی کامیابی کے ساتھ کیا۔