کراچی میں سندھ پیپلز ہاؤسنگ فار فلڈ ری ہیبیلیٹیشن منصوبے کے تحت سیلاب متاثرین میں 10 لاکھ گھروں کی تکمیل کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام سیاسی جماعتوں کی طرف دیکھ رہے ہیں کہ وہ ان کے مسائل حل کریں، نہ کہ آپس میں لڑتے رہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو قومی چیلنجز کا مقابلہ کرنے اور ملکی مسائل حل کرنے کے لیے متحد ہونا ہوگا۔ حکومت اور اپوزیشن کے تعاون کے بغیر عوامی مسائل حل نہیں کیے جا سکتے، جبکہ قومی اتفاق رائے ہی ملک کو مشکلات سے نکالنے کا راستہ ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بعض سیاستدان سمجھتے ہیں کہ امیر طبقے کو مزید امیر بنانے سے ملک ترقی کرے گا، تاہم ان کے نزدیک ترقی کے لیے غریب عوام کو معاشی طور پر مضبوط بنانا ضروری ہے۔ اگر کاروباری اور امیر طبقے کے بجائے غریب آدمی کی ضروریات کو ترجیح دی جائے تو ملک ترقی کرسکتا ہے۔ نوجوانوں کو مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کرسکتے ہیں۔
سیلاب متاثرین کے لیے گھروں کی تعمیر کے منصوبے پر بات کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ سندھ حکومت نے تین سال میں 10 لاکھ گھر تعمیر کرکے تاریخ رقم کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ دنیا کا سب سے بڑا ہاؤسنگ منصوبہ ہے، جس کے ذریعے متاثرہ خاندانوں کو صرف گھر ہی نہیں دیے گئے بلکہ انہیں مالکانہ حقوق بھی فراہم کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گھروں کی ملکیت خواتین کے نام منتقل کی گئی ہے اور انہیں بینک اکاؤنٹس بھی فراہم کیے گئے ہیں۔ یہ منصوبہ صرف رہائش کی فراہمی نہیں بلکہ خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا ذریعہ بھی بنا ہے۔ بلاول بھٹو نے مزید 10 لاکھ گھر تعمیر کرنے کے منصوبے کا بھی اعلان کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سیلاب کے دوران سندھ کے کئی علاقے بری طرح متاثر ہوئے تھے اور فضائی دورے کے دوران بعض مقامات سمندر کا منظر پیش کر رہے تھے۔ اس وقت متاثرہ خاندانوں سے وعدہ کیا تھا کہ انہیں گھر بنا کر دیے جائیں گے، جو اب پورا کر دیا گیا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سیلاب کے بعد سندھ حکومت نے عالمی بینک کے تعاون سے یہ منصوبہ شروع کیا۔ اس وقت بعض وفاقی وزرا اس منصوبے کی مخالفت کرتے تھے، تاہم عالمی بینک کے حکام نے سندھ حکومت پر اعتماد کیا۔
انہوں نے بتایا کہ بلوچستان میں متاثرین کے لیے گھروں کی تعمیر کی ذمہ داری وفاقی حکومت نے لی، جب کہ سندھ میں صوبائی حکومت نے یہ کام کیا۔ ان کا دعویٰ تھا کہ وفاقی حکومت نے تین سال میں 30 ہزار گھر تعمیر کیے، جبکہ سندھ حکومت نے 10 لاکھ گھر مکمل کیے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے منصوبے میں کرپشن کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کی سب سے زیادہ کردار کشی کی جاتی ہے اور مخالفین الزام لگاتے رہے کہ منصوبے کے ذریعے پیسہ بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سے کہا کہ کرپشن کی نگرانی کرنے والے اداروں کو اس منصوبے کا آڈٹ اور مانیٹرنگ کرنے کا کہیں۔ ہاؤسنگ منصوبے میں کوئی کرپشن نہیں ہوئی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سیلاب سے سندھ کے تعلیمی ادارے بھی تباہ ہوئے اور ہر سیلاب کے بعد انہیں دوبارہ تعمیر کرنا پڑا۔ سندھ میں شرح خواندگی کم اور اسکولوں سے باہر بچوں کی تعداد زیادہ ہے، جس کی ایک وجہ صوبے کو درپیش بار بار کی قدرتی آفات بھی ہیں۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت نے سندھ کا ساتھ دیا، جب کہ سابق وزیراعظم نے سیلاب کے دوران سندھ کو ایک روپیہ دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ سندھ ہمارا نہیں ہے۔
بلاول بھٹو نے بتایا کہ وزیراعظم اور ان کی ٹیم سے حالیہ ملاقات میں وفاق اور سندھ حکومت کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانے پر اتفاق ہوا ہے۔ طے پایا ہے کہ وفاق اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گا اور صوبائی حکومت اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ سیاست میں عوام کی خدمت کے لیے آئے ہیں، ان پر حکمرانی کرنے کے لیے نہیں۔ ان کی دعا ہے کہ اسلام آباد میں بھی حکمران عوام پر حکمرانی کرنے کے بجائے ان کی خدمت کو ترجیح دیں۔







