سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیلامی کے عمل میں یہ گنجائش موجود تھی کہ فرنچائز مالکان ٹیم کا نام تبدیل کر سکتے ہیں، لہٰذا اس تبدیلی کے لیے دوبارہ آکشن کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر چھ نام تجویز کیے گئے تھے تاہم مالکان کو اس سے ہٹ کر بھی نام رکھنے کی اجازت تھی، چنانچہ سیالکوٹ اسٹالینز کا نام تبدیل کرکے ملتان سلطانز رکھ دیا گیا ہے۔
اس موقع پر حمزہ مجید نے بتایا کہ گوہر شاہ کے ساتھ اسٹریٹجک پارٹنرشپ کی گئی ہے اور انہیں نئی فرنچائز کا سی ای او مقرر کیا گیا ہے۔
سلمان نصیر نے مزید بتایا کہ فرنچائز کا سالانہ معاہدہ جو پہلے ایک ارب 85 کروڑ روپے تھا، اب بڑھ کر 200 کروڑ روپے ہو چکا ہے، جو دس برسوں میں مجموعی طور پر 20 ارب روپے بنتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب لاہور میں ہی منعقد ہوگی، جب کہ 26 مارچ کو افتتاحی میچ میں لاہور قلندرز اور حیدرآباد کی ٹیم آمنے سامنے ہوں گی۔
مزید پڑھیں: سیالکوٹ سٹالینز کے شریک مالک کامل خان نے ٹیم سے علیحدگی کا اعلان کردیا
یاد رہے کہ اس سے قبل ولی ٹیک کمپنی نے راولپنڈی کی ٹیم کو دو ارب 45 کروڑ روپے میں خریدا تھا۔ راولپنڈی فرنچائز کا پرانا نام ملتان سلطانز تھا۔
سابق مالک علی ترین نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے اختلافات کے باعث راہیں جدا کر لی تھیں، جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے فرنچائز کی دوبارہ نیلامی کی تھی۔






