میچ ختم ہونے کے بعد بارکو اپنے ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ فتح کا جشن منا رہے تھے کہ اسی دوران بیلنگھم ان کے قریب آئے اور انہیں تھپڑ مار دیا۔ اس واقعے کے فوراً بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑی آمنے سامنے آ گئے، تاہم معاملہ جلد ہی ٹھنڈا پڑ گیا اور بیلنگھم وہاں سے چلے گئے۔

رپورٹس کے مطابق واقعے کی اصل وجہ واضح نہیں ہو سکی، تاہم ویڈیو فوٹیج میں دیکھا گیا کہ ارجنٹینا کے اینزو فرنانڈیز کے 85ویں منٹ میں کیے گئے برابری کے گول کے بعد ویلنٹن بارکو میدان میں دوڑتے ہوئے آئے اور انگلینڈ کے کھلاڑیوں کے سامنے جشن منایا، جسے اس واقعے کی ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

سابق انگلش گول کیپر پال رابنسن نے بارکو کے جشن کو اس ورلڈ کپ میں کھیل کے جذبے کے خلاف بدترین مثالوں میں سے ایک قرار دیا۔

جوڈ بیلنگھم کے خلاف فیفا کی ڈسپلنری کمیٹی کارروائی کر سکتی ہے۔ اگر انہیں پرتشدد رویے کا مرتکب قرار دیا گیا تو وہ فرانس کے خلاف تیسری پوزیشن کے میچ سے محروم ہو سکتے ہیں، تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ فیفا اس حرکت کو شدید تشدد کے بجائے جذباتی ردعمل کے طور پر دیکھے گا۔

میچ کے دوران بھی ماحول خاصا گرم رہا۔ پہلے ہاف میں 19 فاؤلز ہوئے جبکہ امریکی ریفری اسماعیل الفتح کو میچ پر قابو رکھنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ چوتھے منٹ میں جوڈ بیلنگھم اور ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی کے درمیان بھی مختصر تلخ کلامی ہوئی، جس پر بیلنگھم نے بعد ازاں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف ایک فاؤل پر بات کر رہے تھے اور معاملے کو غیر ضروری طور پر بڑھا چڑھا کر پیش کیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں: نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جدید بائیو مکینکس لیب قائم کرنے کا فیصلہ

دوسری جانب ارجنٹینا نے لاؤتارو مارٹینیز کے اضافی وقت میں کیے گئے فاتحانہ ہیڈر کی بدولت انگلینڈ کو 2-1 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی، جبکہ انگلینڈ اب ہفتے کو فرانس کے خلاف تیسری پوزیشن کے میچ میں مدمقابل ہوگا۔