کینڈی میں کھیلے گئے اہم میچ میں سری لنکن کپتان داسن شناکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 212 رنز اسکور کیے۔ اوپنر صاحبزادہ فرحان نے شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے 60 گیندوں پر 100 رنز بنائے، جس میں 9 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔
فخر زمان نے 42 گیندوں پر 84 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ دونوں کے درمیان 176 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم ہوئی۔
دیگر بیٹرز نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکے۔ خواجہ نافع 2، شاداب خان 7، محمد نواز اور سلمان علی آغا صفر پر آؤٹ ہوئے، جب کہ شاہین آفریدی 4 رنز بنا سکے۔
جواب میں سری لنکا نے 213 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنائے۔ کپتان داسن شناکا نے 31 گیندوں پر 76 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جب کہ پون رتنائیکے نے 58 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ محمد نواز، نسیم شاہ اور شاہین آفریدی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کو سیمی فائنل میں رسائی کے لیے سری لنکا کو 147 یا اس سے کم اسکور پر محدود کرنا تھا، تاہم سری لنکن بیٹرز ہدف کے قریب پہنچنے میں کامیاب رہے۔
پاکستان کے باہر ہونے کے بعد گروپ ٹو سے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم 3 پوائنٹس اور بہتر نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر سیمی فائنل میں پہنچ گیا، جب کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم پہلے ہی فائنل فور میں جگہ بنا چکا تھا۔
واضح رہے کہ یہ صاحبزادہ فرحان کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں دوسری سنچری تھی، جس کے بعد وہ ایک ایڈیشن میں دو سنچریاں بنانے والے پہلے بیٹر بن گئے ہیں، تاہم ان کی تاریخی کارکردگی بھی ٹیم کو سیمی فائنل تک نہ پہنچا سکی۔






