حشمت اللہ شاہدی نے جنوری 2022 سے جون 2026 تک افغانستان کی ون ڈے ٹیم کی قیادت کی اور اس دوران مجموعی طور پر 55 میچوں میں کپتان رہے۔ ان کی قیادت میں افغانستان نے بین الاقوامی کرکٹ میں کئی یادگار کامیابیاں حاصل کیں اور خود کو ایک مضبوط ٹیم کے طور پر منوایا۔

شاہدی کی کپتانی کا سب سے نمایاں دور 2023 کا آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ رہا، جہاں افغانستان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ، پاکستان، سری لنکا اور نیدرلینڈز جیسی مضبوط ٹیموں کو شکست دی۔ ٹیم سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے انتہائی قریب پہنچ گئی، تاہم چھٹی پوزیشن پر اختتام کے باوجود اس کارکردگی نے افغانستان کو 2025 کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے کوالیفائی کرا دیا۔

2025 کی چیمپئنز ٹرافی میں بھی افغانستان نے عمدہ کھیل پیش کیا اور انگلینڈ کو ایک بار پھر شکست دی، لیکن آسٹریلیا کے خلاف اہم میچ بارش کی نذر ہونے کے باعث وہ سیمی فائنل میں رسائی حاصل نہ کر سکا۔

دوطرفہ سیریز میں بھی حشمت اللہ شاہدی کی قیادت میں افغانستان نے کئی اہم فتوحات حاصل کیں، جن میں بنگلہ دیش کے خلاف تین، زمبابوے کے خلاف دو جبکہ جنوبی افریقہ اور آئرلینڈ کے خلاف ایک، ایک سیریز میں کامیابیاں شامل ہیں۔ مجموعی طور پر شاہدی کی قیادت میں افغانستان نے 55 ون ڈے میچوں میں 27 کامیابیاں حاصل کیں۔

افغانستان کرکٹ بورڈ نے نئے کپتان رحمت شاہ پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ 33 سالہ رحمت شاہ افغانستان کے سب سے تجربہ کار بیٹرز میں شمار ہوتے ہیں اور وہ 2018 سے اب تک 12 ٹیسٹ اور 128 ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیل چکے ہیں۔ وہ افغانستان کی جانب سے ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ 4,121 رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں، جبکہ ان کی بیٹنگ اوسط 35.22 ہے۔

رحمت شاہ 2021 سے ون ڈے اور ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان کی ذمہ داریاں بھی نبھا رہے تھے۔ کوچز اور ماہرین انہیں تکنیکی طور پر مضبوط، پُراعتماد اور دباؤ میں بہترین کارکردگی دکھانے والا بیٹر قرار دیتے ہیں۔ ان کے ساتھ 24 سالہ رحمان اللہ گرباز کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ دونوں کھلاڑی پہلی مرتبہ بین الاقوامی سطح پر افغانستان کی قیادت کریں گے۔

حشمت اللہ شاہدی نے بطور کپتان بھی بیٹنگ میں تسلسل برقرار رکھا۔ ان کی واحد ون ڈے سنچری افغانستان کے حالیہ دورۂ بھارت کے دوران چنئی میں کھیلے گئے میچ میں آئی، جہاں انہوں نے 131 گیندوں پر 102 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔

افغانستان کرکٹ میں قیادت کی یہ تبدیلی نئے ہیڈ کوچ رچرڈ پائبس کی آمد کے بعد جاری اصلاحاتی عمل کا حصہ سمجھی جا رہی ہے۔ اس سے قبل مارچ 2026 میں ابراہیم زدران کو رشید خان کی جگہ ٹی20 انٹرنیشنل ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: وارم اپ میچ کے تیسرے روز پاکستان کی برتری برقرار

افغانستان کی ٹیم اب اگست 2026 میں آئرلینڈ کا دورہ کرے گی، جہاں وہ پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ اس سیریز میں رحمت شاہ پہلی مرتبہ افغانستان کی ون ڈے ٹیم کی باقاعدہ قیادت کرتے ہوئے نظر آئیں گے۔