قومی ہاکی ٹیم کے ہر کھلاڑی کو 22 لاکھ روپے دیے گئے ہیں، جن میں سے 7 لاکھ روپے ایف آئی ایچ پرو لیگ میں شرکت کی مد میں ادا کیے گئے۔

کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے پر وزیراعظم کی جانب سے 15 لاکھ روپے فی کھلاڑی بھی فراہم کیے گئے ہیں۔

پی ایچ ایف کے صدر محی الدین وانی کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی بین الاقوامی ایونٹ میں روانگی سے قبل کھلاڑیوں کو رقم ایڈوانس میں ادا کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پرو لیگ کے لیے کھلاڑیوں کو ڈیلی الاؤنس کی مد میں بھی ادائیگی کی گئی ہے۔

محی الدین وانی کے مطابق کھلاڑیوں کو روزانہ 110 ڈالر کے حساب سے الاؤنس دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کے معاملات کی نگرانی کی جا رہی ہے اور امید ہے کہ قومی ٹیم پرو لیگ میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرے گی۔

پاکستان ہاکی ٹیم 13 سے 20 جون تک بیلجیئم میں میزبان ٹیم اور اسپین کے خلاف پرو لیگ کے چار میچ کھیلے گی، جب کہ 23 سے 27 جون تک انگلینڈ میں بھارت اور انگلینڈ کے خلاف مزید چار میچوں میں حصہ لے گی۔

قومی ہاکی ٹیم پرو لیگ میں شرکت کے بعد 14 سے 30 اگست تک نیدرلینڈز اور بیلجیئم میں منعقد ہونے والے ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ میں ایکشن میں نظر آئے گی۔