قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے اس مقابلے میں راولپنڈیز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار دکھائی دے رہی ہے، تاہم میچ کے دوران اس میں تبدیلی آ سکتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹیم میں کچھ نئے کھلاڑی شامل ہیں اور زمان خان کی کمی محسوس ہوگی۔
محمد رضوان نے اس موقع پر واضح کیا کہ وہ بطور اوپنر ہی اننگز کا آغاز کریں گے اور ہمیشہ ٹیم کی ضرورت کے مطابق کھیلنے کو ترجیح دیتے ہیں۔
دوسری جانب پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے بھی عندیہ دیا کہ وہ اوپننگ جاری رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پچ خشک نظر آ رہی ہے اور امکان ہے کہ دونوں اننگز میں اس کا رویہ تقریباً یکساں رہے گا۔
بارہویں اوور کے اختتام تک راولپنڈیز نے ایک وکٹ کے نقصان پر 125 اسکور کر لیا ہے۔
ٹورنامنٹ کے فارمیٹ کے مطابق اس سیزن میں ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ایک گروپ میں لاہور قلندرز، کراچی کنگز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی شامل ہیں، جبکہ دوسرے گروپ میں حیدرآباد کنگز مین، ملتان سلطانز، اسلام آباد یونائیٹڈ اور راولپنڈیز کو رکھا گیا ہے۔
ہر ٹیم اپنے گروپ کی ٹیموں کے خلاف دو جبکہ دوسرے گروپ کی ٹیموں کے خلاف ایک میچ کھیلے گی۔ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 44 میچز شیڈول ہیں، جن میں سے آدھے لاہور اور آدھے کراچی میں کھیلے جائیں گے۔
فائنل تک رسائی کے لیے پلے آف مرحلے میں کوالیفائر اور دو ایلیمنیٹر میچز بھی شامل ہوں گے۔






