پی ایس ایل کی ساتویں ٹیم کے لیے سب سے زیادہ بولی ’ایف کے ایس‘ گروپ کی جانب سے لگائی گئی، جس کی مالیت ایک ارب 75 کروڑ روپے رہی۔ نیلامی کا آغاز 110 کروڑ روپے سے ہوا تھا، تاہم مقابلہ سخت ہونے کے باعث قیمت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
اس موقع پر سابق ملتان سلطانز مالک علی ترین نے حیدرآباد فرنچائز حاصل کرنے پر فواد سرور کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کسی مالک کو اپنے آبائی شہر میں کرکٹ واپس لاتے دیکھنا خوش آئند ہے۔ یہ حیدرآباد، سندھ اور پی ایس ایل میں صوبے کی بہتر نمائندگی کے منتظر شائقین کے لیے ایک فخر کا لمحہ ہے۔
Congratulations to Fawad Sarwar on securing the Hyderabad franchise.👏🏼
— Ali Khan Tareen (@aliktareen) January 8, 2026
Really love seeing an owner bring cricket back to their home city. This is a proud moment for Hyderabad, for Sindh, and for everyone who has been waiting to see the province get more representation in the…
یاد رہے کہ پی ایس ایل سیزن 11 میں ٹیموں کی تعداد چھ سے بڑھا کر آٹھ کی جا رہی ہے اور اسی مقصد کے تحت فرنچائز نیلامی کا عمل جاری ہے۔ ابتدائی طور پر 10 کمپنیوں کے درمیان مقابلہ متوقع تھا، تاہم ملتان سلطانز کے سابق مالک علی خان ترین کی کمپنی ’ڈہرکی شوگر ملز‘ کی جانب سے نیلامی میں حصہ نہ لینے کے اعلان کے بعد اب 9 کمپنیاں بولی کے عمل میں شریک ہیں۔
پی ایس ایل حکام کے مطابق نیلامی میں حصہ لینے والی نمایاں کمپنیوں میں ’ایم نیکسٹ‘، ’ایف کے ایس‘، ’پریزم ڈیولپرز‘ اور ’انوریکس سولر‘ شامل ہیں، جب کہ معروف نیٹ ورک کمپنی ’جاز‘، ’آئی ٹو سی‘ (i2c)، ’ولی ٹیکنالوجیز‘، ’ویگو ٹیل‘ اور ’اوزی ڈویلپرز‘ بھی نئی فرنچائزز کے حصول کے لیے میدان میں موجود ہیں۔
پی ایس ایل سیزن 11 کا آغاز 26 مارچ 2026 سے ہوگا اور ٹورنامنٹ 3 مئی 2026 تک جاری رہے گا۔ نئے سیزن کے لیے فیصل آباد، گلگت، حیدرآباد، مظفرآباد، راولپنڈی اور سیالکوٹ کو نئی فرنچائزز کے ممکنہ شہروں کے طور پر زیر غور رکھا گیا ہے۔
نیلامی کے اختتام پر معروف گلوکار راحت فتح علی خان خصوصی پرفارمنس پیش کریں گے، جب کہ اس تقریب کو پی ایس ایل کی توسیع اور لیگ کے مستقبل کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔






