قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جا رہے میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان ایشٹن ٹرنر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور راولپنڈی کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

راولپنڈی کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا۔ کپتان محمد رضوان 19 رنز بنا کر عرفات منہاس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، جبکہ یاسر خان صرف 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

مشکل صورتحال میں سیم بلنگز نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 56 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ کامران غلام نے بھی 35 رنز بنا کر ٹیم کے اسکور میں اہم اضافہ کیا، تاہم وہ فیصل اکرم کا شکار بنے۔

ملتان سلطانز کے باؤلرز نے نپی تلی باؤلنگ کرتے ہوئے راولپنڈی کو بڑے اسکور سے روکنے کی کوشش کی۔ فیصل اکرم نمایاں رہے، جنہوں نے ڈیرل مچل، عبداللہ فضل اور آصف آفریدی سمیت اہم کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس کے علاوہ عرفات منہاس نے دو وکٹیں حاصل کیں، جب کہ محمد اسماعیل اور پیٹر سڈل نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کر کے ٹیم کی کارکردگی میں حصہ ڈالا۔