کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس اہم میچ میں ملتان سلطانز کے بلے بازوں نے دھواں دھار بیٹنگ کی، جب کہ باؤلرز نے آخری لمحات میں اعصاب پر قابو پاتے ہوئے ٹیم کو جیت دلائی۔
کراچی کنگز کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
ملتان سلطانز کے اوپنرز نے جارحانہ آغاز کیا، شان مسعود نے 25 گیندوں پر 46 اور جوش فلپ نے 23 گیندوں پر 44 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر بڑے اسکور کی بنیاد رکھی۔ اویس ظفر نے بھی 36 رنز کا حصہ ڈالا، جس کی بدولت ملتان نے مقررہ 20 اوورز میں 207 رنز کا پہاڑ جیسا مجموعہ ترتیب دیا۔
Multan Sultans clinch a thrilling 11-run win over Karachi Kings 🔥#HBLPSL11 | #NewEra | #KKvMS pic.twitter.com/MDpaxCe1Nz
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) April 19, 2026
208 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی شروعات اچھی رہی۔ ریزہ ہینڈرکس نے 49 رنز بنا کر جیت کی امیدیں برقرار رکھیں، تاہم درمیانی اوورز میں ملتان کے عرفات منہاس کی تباہ کن باؤلنگ نے کراچی کی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی۔
ملتان سلطانز کی جانب سے عرفات نے اہم موقع پر تین وکٹیں حاصل کر کے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ آخری اوورز میں کراچی کے لوئر آرڈر بلے بازوں نے بھرپور کوشش کی لیکن پوری ٹیم 19.4 اوورز میں 196 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔
اس جیت کے بعد ملتان سلطانز 10 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر دوسرے نمبر پر براجمان ہے اور ان کی پلے آف میں رسائی کے امکانات مزید روشن ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب کراچی کنگز کے لیے ٹورنامنٹ میں بقا کی جنگ مزید کٹھن ہو گئی ہے۔






