لاہور میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سعود شکیل نے ٹاس جیت کر حیدرآباد کنگز مین کے خلاف بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
کوئٹہ کی جانب سے اننگز کا آغاز سعود شکیل اور شامل حسین نے کیا، لیکن سعود شکیل صرف 4 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، جبکہ رائلی روسو اپنا سکور کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔ تاہم، تیسری وکٹ کے لیے شامل حسین اور حسن نواز نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا۔
شامل حسین نے ٹورنامنٹ میں اپنی دوسری ففٹی مکمل کی اور 54 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جب کہ حسن نواز نے 53 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔
مقررہ 20 اوورز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنا سکی۔
Quetta Gladiators secure their first win of the season! 👏🏼#HBLPSL11 | #NewEra | #QGvHK pic.twitter.com/hmNtZSkiU0
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) March 29, 2026
175 رنز کے ہدف کے جواب میں حیدرآباد کنگز مین کی ٹیم 8 وکٹوں پر 134 رنز ہی بنا سکی۔ حیدرآباد کنگز مین کی جانب سے عرفان خان 33 اور حسان خان 31 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ابرار احمد نے 3 اور احمد دانیال نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
خیال رہے کہ دونوں ٹیمیں ٹورنامنٹ میں اپنا دوسرا میچ کھیل رہی تھیں۔ پہلے میچ میں دونوں ٹیموں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جہاں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو کراچی کنگز اور حیدرآباد کنگز مین کو لاہور قلندرز کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔





