کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس فیصلہ کن میچ میں راولپنڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور کنگز مین کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

حیدرآباد کنگز مین نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 244 رنز بنائے۔

حیدرآباد کی جانب سے گلین میکسویل نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 37 گیندوں پر 70 رنز بنائے، جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں عثمان خان 54 اور کوشال پریرا 50 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

راولپنڈیز کی ٹیم 245 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں مکمل طور پر ناکام رہی اور پوری ٹیم 17.1 اوورز میں صرف 136 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

راولپنڈیز کی جانب سے محمد رضوان نے اننگز کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا اور 16 گیندوں پر 26 رنز بنائے، تاہم وہ اپنی اننگز کو طول نہ دے سکے۔

دیگر بلے بازوں میں عثمان خواجہ نمایاں رہے، جنہوں نے 66 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، لیکن ان کے علاوہ مڈل آرڈر اور لوئر آرڈر کا کوئی بھی کھلاڑی حیدرآباد کے بولرز کا جم کر مقابلہ نہ کر سکا، جس کے باعث پوری ٹیم جلد ڈھیر ہو گئی۔

حیدرآباد کی جانب سے حنین شاہ سب سے کامیاب بولر رہے، جنہوں نے صرف 18 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل میں پلے آف کے لیے تین ٹیموں کا فیصلہ ہو چکا تھا، جب کہ چوتھی پوزیشن کے لیے لاہور قلندرز اور حیدرآباد کنگز مین کے درمیان سخت مقابلہ تھا، تاہم حیدرآباد کنگز مین نے اس کامیابی کے بعد اگلے مرحلے میں جگہ بنا لی، جب کہ لاہور قلندرز ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی۔