لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلےگئے  میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور  اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 184 رنز کا ہدف دیا۔

 کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز اسکور کیے۔ کپتان سعود شکیل 42 اور حسن نواز 66 رنز بناکر نمایاں رہے۔اس کے علاوہ شامل حسین 21،  خواجہ نافع 18 اور ٹام کرن نے 29 رنز اسکور کیے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کپتان شاداب خان نے تین، جب کہ سلمان ارشاد اور عماد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے 184 رنز کا ہدف با آسانی 19ویں اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

سمیر منہاس نے 82 اور شاداب خان نے 69 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلیں۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان تیسری وکٹ پر 128 رنز کی ناقابل شکست شراکت بھی ہوئی۔ اس کے علاوہ ڈیون کونوے نے 18 اور آندریس گوس نے دو رنز بنائے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ابرار احمد نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔