39 سالہ پولارڈ نے میجر لیگ کرکٹ میں ایم آئی نیو یارک کی جانب سے سنچری اسکور کرتے ہوئے اپنے ٹی20 کیریئر کے مجموعی رنز 14,583 تک پہنچا دیے، جس کے بعد انہوں نے کرس گیل کے 14,562 رنز کا ریکارڈ توڑ دیا۔

پولارڈ نے ٹی20 انٹرنیشنل میں 1,569 رنز بنائے ہیں جبکہ باقی رنز مختلف ڈومیسٹک اور فرنچائز لیگز سے حاصل کیے۔ ان کی یہ شاندار اننگز ایم آئی نیو یارک کی واشنگٹن فریڈم کے خلاف 30 رنز کی شکست میں سامنے آئی۔

دوسری جانب کرس گیل، جنہوں نے 2022 میں آخری بار ٹی20 کرکٹ کھیلی تھی، 2014 سے اس فہرست میں پہلے نمبر پر موجود تھے۔

پولارڈ ٹی20 کرکٹ میں سب سے زیادہ میچز کھیلنے والے کھلاڑی بھی ہیں، انہوں نے 736 میچز کھیلے ہیں۔

مزید پڑھیں: مصر کی پہلی فتح، محمد صلاح نے ورلڈ کپ کا خواب حقیقت بنا دیا

یہ ریکارڈ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ٹاپ کھلاڑیوں میں مقابلہ مزید سخت ہو گیا ہے، ایلکس ہیلز تیسرے اور جوس بٹلر چوتھے نمبر پر موجود ہیں، جو جلد اس فہرست میں مزید آگے بڑھ سکتے ہیں۔

پولارڈ اس وقت بطور کھلاڑی اور کوچ دونوں کردار ادا کر رہے ہیں، وہ انڈین پریمیئر لیگ میں ممبئی انڈینز کے بیٹنگ کوچ اور دی ہنڈرڈ میں ایم آئی لندن کے ہیڈ کوچ بھی ہیں۔